• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حب اور گرد و نواح میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

حب ( نامہ نگار) بدھ کو اذان عصر کے بعد کراچی سے ملحقہ بلوچستان کے علاقوں میں تیز طوفانی ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی تیز بارش سے سندھ اور بلوچستان کے سنگم پر واقع حب ڈیم میں بجلی کے آٹھ کھمبے زمین بوس ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق ڈیم کو فراہم کی جانے والی بجلی کی پی ایم ٹی بھی دھماکے سے تباہ ہوگئی جس کے بعد ڈیم اور رہائشی کالونی میں تاریکی چھا گئی ۔علاوہ ازیں حب ڈیم اور گردو نواح میں ہونے والی بارش سے ملحقہ علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔ دوسری طرف حب ڈیم سے ملحقہ بلوچستان کے علاقوں حسن پیر ، لنگ لوہار ، پنڑیاں اور شاہ نورانی کراس سمیت شاہ نورانی ، دریجی ، سارونا اور خضدار سے بارشوں کے پانی کے ریلے حب ڈیم میں گرنے والی ویراب ندی ، حب ندی کے ذریعے پانی کے ریلے حب ڈیم میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کے باعث علاقے کے زمینداروں ، کاشتکاروں اور مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔دریں اثنا عید کے تیسرے روز ضلع بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا کافی عرصے بعد ہونے والی اس بارش سے فصلوں اور سبزیوں پر اچھے اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔  دوسری طرف حب ڈیم اور ساکران سمیت ملحقہ علاقوں سے آمدہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ بارش سے قبل چلنے والی تیز گرد آلود ہواؤں کے باعث متعدد پولٹری فارمز شیڈز اور بعض کچے مکانات کی چھتیں بھی اڑ گئیں ہیں جبکہ حب شہر میں بعض سائن بورڈ اور سائبان کے اڑنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں علاوہ ازیں حب شہر اور ضلع لسبیلہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کی چند بوند پڑتے ہی  بجلی کی فراہمی کا سلسلہ معطل ہوگیا۔گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے جاری رہنے والی اس بارش سے نشیبی علاقے اور برساتی ندیاں ونالے زیر آب آگئے۔
تازہ ترین