• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف حادثات میں بچے سمیت 6 افراد جاں بحق، 2 زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف واقعات و حادثات میں 6سالہ بچے سمیت 6افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے،تفصیلات کے مطابق لاسی گوٹھ اسکیم 33میں کرنٹ لگنے سے35سالہ دین محمد ولد عمر خاں جاں بحق ہوگیا جسے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق متوفی اورنگی ٹاون کا رہائشی تھا جو گنے کی جوس کی مشین پر کام کے دوران کر نٹ لگنے سے جاں بحق ہوا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے  کردی،اورنگی ٹاون فقیر کالونی شاہجہاں چوک کے نزدیک کرنٹ لگنے سے معلی ولد شاکر جاںبحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لائی گئی ،متوفی اورنگی ٹاون کا رہائشی بتایا جا تاہے،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی،اسی علاقے میں گھر کی دیوار گر نے سے 6سالہ بچہ جاں بحق ہوگیاجس کی لاش عباسی اسپتال لائی گئی،جبکہ کورنگی نمبر 3میں زیرتعمیر عمارت گر نے سے 2افراد زخمی ہوگئے جن کی فوری شناخت نہیں ہوسکی زخمیوں کوجناح اسپتال منتقل کیا گیا،علاوہ ازیں صدر میں زہریلی دوا پینے سے 55سالہ نامعلوم شخص بے ہوش ہوگیا۔ شاہراہ فیصل پر واقع فائن ہائوس کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ،پولیس نے بتایا کہ متوفی کی عمر 40برس کے قریب ہے اور اس کے قبضے سے شناخت کے حوالے سے کوئی چیز نہیں ملی ہے ۔نیپئر تھانے کی حدود بھیم پورہ سیتا داس کمپائونڈ میں کرنٹ لگنے سے 35 سالہ عابد ولد شہاب الدین جاں بحق ہو گیا۔ نیو کراچی پاور ہائوس چورنگی کے قریب کرنٹ لگنے سے 36 سالہ اظہر ولد نذیر جاں بحق ہو گیا۔متوفی کی نعش کو ورثاء بغیر کاروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔
تازہ ترین