• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسائل کے اعتبار سے خوش قسمت ترین ملک کو مقروض بنا دیا گیا‘ پی ٹی آئی

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ قیادت پی ٹی آئی راولپنڈی کے ضلعی صدر زاہد حسین کاظمی، سٹی صدر چوہدری محمد اصغر، چوہدری عدنان، شعبہ خواتین راولپنڈی کی ضلعی صدر فرح آغا، سٹی صدر پروین خان، اظہر میر اور دیگر رہنمائوں نے کی۔ چوہدری نذیر، چوہدری یوسف، میجر (ر) انیس، ملک عمران پوپی، ضیاء کوثر، چوہدری ذوالقرنین، راجہ زعفران، رانا خلیل، ملک سلیم، عامر بھٹی، راجہ ابرار عباسی، میاں عمران حیات سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں مظاہرے میں شرکت کی۔ زاہد حسین کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خاندان جوشرافت کا لبادہ اوڑھ کر 35سال ملک کو لوٹتا رہا،اُسکی منزل صرف اڈیالہ جیل ہے۔ آج نہیں تو کل انہیں اپنی منزل پر پہنچنا ہے۔ اگر استعفیٰ نہ دیا تو عمران خان کی ایک کال پر عوام اُنہیں ایوانوں سے باہر نکال دینگے۔ اُنہوں نے وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وسائل کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا خوش قسمت ترین ملک ہے لیکن ان لوگوں نے ملک کو مقروض اور بھکاری بنا دیا۔ پانامہ کا معاملہ عالمی سطح پر منظر عام پر آیا جس میں نواز شریف سمیت450 پاکستانیوں کے نام سامنے آئے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دیکر تاریخی فیصلہ کیا جس میں شریف خاندان بے نقاب ہوا‘ اور اُنکی چوری ثابت ہوگئی۔ اُن کیخلاف نیب میں13 ریفرنس زیرالتواء ہیں۔ نواز شریف نے اربوں روپیہ چوری کر کے بچوں کے حوالے کر دیا جبکہ اسحاق ڈار نے لوٹ مار کا پیسہ دبئی بھیجا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر پاکستان سے کرپشن ختم ہو جائے تو پاکستان دنیا کے امیر ترین ملکوں میں شامل ہو جائے لیکن کرپٹ حکمرانوں نے تمام وسائل لوٹ کر قوم کو مقروض کر دیا۔ اگر کرپٹ مافیا کیخلاف کارروائی نہ ہوئی تو عمران خان کی ایک کال پر عوام انہیں گھسیٹ پر اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال دینگے۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’’گو نواز گو‘‘، ’’کرپٹ مافیا نامنظور‘‘، ’’نواز شریف استعفیٰ دو‘‘ کے نعرے درج تھے۔ بعدازاں مظاہرین نے مری روڈ تک ریلی نکالی اور وزیراعظم نواز شریف سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔
تازہ ترین