• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور،ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج، پولیس کی شیلنگ، علاقہ میدان جنگ بن گیا

لاہور(نیوز ایجنسیاں/مانیٹرنگ سیل)ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کے دوران سروسز اسپتال سے جی او آر ون تک ریلی نکالی، پولیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کے استعمال کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ بن گیا، او پی ڈی میں کام بند ہوگیا، ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، جبکہ حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں نہیں لینے کی اجازت نہیں دینگے،تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے، ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے سروسز اسپتال سے جی او آر ون تک احتجاجی ریلی نکالی گئی تاہم جی او آر ون میں داخلے کی کوشش پر پولیس نے ینگ ڈاکٹرز کو دھو ڈالا، واٹر کینن اور آنسو گیس کی شیلنگ سے پولیس نے مظاہرین کو پیش قدمی سے روک دیا۔

دوسری جانب ڈاکٹرز کی ہڑتال کے نتیجے میں اوپی ڈی میں کام بند ہوگیا اور سینکڑوں مریض علاج معالجے کیلئے مارے مارے پھرتے رہے۔ینگ ڈاکٹرز  نے احتجاج کے دوران جی او آر ون میں داخل ہونے کی کوشش کی  پر پولیس نے مظاہرین کو نہلا دیا، آنسو گیس کی شیلنگ کی ، علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز کو مذاکرات کیلئے بلایا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے بھی ینگ ڈاکٹر کے احتجاج کو غلط قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ وائے ڈی اے سے پہلے بھی مذاکرات کئے اب بھی ان کے لئے دروازے کھلے ہیں۔

تازہ ترین