• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عازمین حج صحت مند رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں

برمنگھم( پ ر) برطانیہ میں عازمین حج وعمرہ کی فلاح وبہبود کے لئے سرگرم عمل قومی فلاحی تنظیم ایسوسی ایشن آف برٹش حجاج نے اس سال مقدس فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کو خبردار کیا ہے کہ اس فریضہ کو آرام وسکون سے ادائیگی کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران اپنی صحت وتندرستی کی حفاظت کیلئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں انسانوں  کے عظیم اجتماع میں مہلک اور خطرناک وبائی بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ بالخصوص دل ، شوگر ، ہائی بلڈ پریشر یا کڈنی جیسی بیماریوں میں مبتلا افراد جن کے جسم میں قوت مدافعت کمزور ہوتی ہے ان وبائی بیماریوں کا جلد شکار ہوجاتے ہیں، مینجائٹس( گردن توڑ بخار) ایک ایسی ہی موذی بیماری ہے۔

ماضی میں حج کے دوران اس کی وبا پھوٹنے سے متعدد حاجیوں کی افسوسناک اموات واقع ہوچکی ہیں۔ یہ بیماری ہجوم میں کھانسی، چھینکنے، مریض کے استعمال کے تولیہ اور برتن وغیرہ استعمال کرنے سے پھیلتی ہے۔ ایسوسی ایشن کے سینئر ڈاکٹرز نے عازمین پر زور دیا ہے کہ اگر حج کے دوران فلو، زکام، گردن میں تنائو، تیز بخار، روشنی سے گھبراہٹ، بے چینی، سردرد، الٹی ہونا یا جسم پر سرخ دانے نمودار ہوں تو وقت ضائع کیے بغیر فوراً اپنے قریبی ہسپتال یا ڈاکٹر سے رجوع کریں، کیونکہ یہ مینجائٹس کی علامات ہوسکتی ہیں، علاج میں دیر ہونے پر مریض کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ سینئر ڈاکٹرز نے کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ حج پر روانگی سے پہلے مینجائٹس سے بچائو کا انجکشن لگوا کر جائیں۔

تازہ ترین