• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ژوب ڈویژن کانگو وائرس کی زد میں ہے ، کمشنر

Zoob Division Is Under The Control Of Congo Virus Commissioner

ژوب ڈویژن کانگو وائرس کی زد میں ہے ۔اس کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ اسے آسان نہ لیا جائے ۔اگر حفاظتی اقدامات نہ کئے گئے تو صورت حال گھمبیر ہو سکتی ہے۔یہ خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے ۔اس کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کانگو وائرس سے بچا جا سکتا ہے ۔تمام ڈپٹی کمشنرز کانگو وائرس کے سد باب کے لئے ابتدائی طبی امداد کے انتظامات ، آگاہی مہم کے آغاز اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار کمشنر ژوب ڈویژن سید سیف الرحمٰن نے ضلعی وڈویژنل افسران سے اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ لورالائی میں کانگو وائرس کا پہلاکیس 1978میں سامنے آیا تھا اور اس کے بعد سے ہر سال اس خطرناک مرض سے قیمتی انسانی زندگیاں ضائع ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض کی سنگینی کا اندازہ اس بات سےبخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ چند سالوں کے دورا ن کانگو وائرس کے نتیجے میں جو افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ان میں صوبے کا ایک ڈاکٹر ایاز مندوخیل بھی شامل ہے جو متاثرہ مریض کا آپریشن کرتے ہوئے اس مرض میں مبتلا ہو کر انتقال کرگیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیماری جانوروں اور مویشیوں پر پلنے والی چیچڑی کے کاٹنےاور متاثرہ جانور یا افراد کے خون یا رطوبتوں سے بھی پھیل سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عیدالضحیٰ قریب ہے اور اس موقع پر جانوروں کی آمدورفت ، دیکھ بال اور قربانی کے دوران مرد،خواتین اور بچوں کا قربانی کے جانوروں کے ساتھ ربط زیادہ ہو جا تا ہے ۔

قربانی کے جانوروں کی ہر گھر تک رسائی ہوتی ہے جسکی وجہ سے عید کے موقع پر کانگو وائرس پھیلنے کا خطرہ کئی گناہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو کانگو وائرس بخار سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے آگاہی فراہم کر کے اس خطرے پر کافی حد تک کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پوسٹرز ، بینرز ، ریڈیو، میڈیا اور سیمینارز کے ذریعے عام شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہی فراہم کرنے کے فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس بھی مریضوں کا علاج کرتے وقت حفاظتی اقدامات ،دستانوں اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

جانوروں کے بیوپاری اور قصاب بھی منڈی میں آتے جاتے وقت چیچڑ سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

قصاب جانوروں کو ذبحہ کرتے اور گوشت بناتے وقت احتیاط کریں اور جانوروں کے خون سے خود کو آلودہ ہونے سے بچائیں ۔

جانور ذبح کرنے کے بعد خون اورالائشوں کو احتیاط سے تلف کریں اور انہیں زمین میں دبادیں ۔ قصاب گھر جاتے وقت اپنے خون آلود کپڑے تبدیل کریں اور ہاتھ صابن سے دھو لیں ۔

قصاب اور خریدار جانوروں کو ہاتھ لگاتے وقت پلاسٹک کے دستانے ،ہلکے رنگ کے پورے آستینوں والے کپڑے پہنیں اور ٹانگوں کو ڈھانپ کر رکھیں ۔

جانوروں اور جانوروں کے رکھنے والی جگہوں پر محکمہ لائیو اسٹاک کی مشاورت سے جراثیم کش ادویات کا اسپرے کریں ۔

کمشنر ژوب ڈویژن نے کانگو وائرس کی روک تھام کے لئے محکمہ لائیو اسٹاک ،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کو آپس میں قریبی رابط رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

 

تازہ ترین