غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، 24 گھنٹوں میں مزید 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ان شہداء میں امداد کے منتظر 90 فلسطینی بھی شامل ہیں۔ فلسطینی فٹبال ٹیم کا کھلاڑی سلیمان العبید بھی کھانا ملنے کی آس میں اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہوا۔
سلیمان العبید فلسطینی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان بھی تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک اسرائیلی حملوں میں مختلف کھیلوں کے 662 کھلاڑی شہید ہوچکے ہیں۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے امدادی ٹرکوں کو بمباری سے تباہ سڑکوں کی طرف موڑ دیا، امدادی ٹرک اُلٹنے سے 20 فلسطینی شہید ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غذائی قلت سے اب تک 96 بچوں سمیت 193 فلسطینی زندگیاں ہار چکے ہیں۔
دوسری جانب عالمی سطح پر بھی اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ اقدامات عیاں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے کہ غزہ میں چند امدادی ٹرکوں کی نہیں انسانی امداد کے سیلاب کی ضرورت ہے۔
یورپی کمیشن کی نائب صدر نے غزہ پر مکمل اسرائیلی قبضے کے ارادے کو ناقابلِ قبول اور اشتعال انگیزی قرار دیدیا ہے۔