• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا،ملیحہ لودھی

نیویارک( این این آئی) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیرکوہر فورم پر اٹھایا جائے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ سب سے اچھا اور موثر فورم ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے مسئلہ کشمیر پر قراردادیں بھی پاس کی ہوئی ہیں اورامید ہے کہ اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔بلکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو بھی اٹھایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اقوام متحدہ کے دفتر میں پاکستان کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی سے ایک طویل میٹنگ میں کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پراقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پراقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ اپنی طرف سے یہاں پربھرپور کوششیں کر رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر حل ہو اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کو پر زور انداز میں اٹھایا جائے ۔اس سلسلے میں جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں بھی مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔اس سے قبل آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اقوام متحدہ کے دفتر میں اقوام متحدہ کی ہیومن رائیٹس کی انچارج لی فنگ(Li Fung) سے بھی ملاقات کی ۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے لی فنگ(Li Fung) کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے زور دیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کو موثر انداز میں اٹھائے۔اگرچہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بیرون ممالک سے جانے والے وفود کو نہیں جانے دیتا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت وہاں پر کچھ چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

تازہ ترین