• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور تاجکستان کا شہری ہوابازی میں تعاون بڑھانے کافیصلہ

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور تاجکستان نے شہری ہوابازی کے شعبہ میں تعاون اور روابط کو مزید فروغ دینے اور اس ضمن میں ایک دوسرے کے تجربہ سے استفادہ کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان اورپاکستان میں متعین تاجکستان کے سفیر شیر علی جونونوف کے مابین ملاقات میں کہی گئی تاجک سفیر نے مشیرہوابازی سے منگل کے روز اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات کی جس میں سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی مزید بہتری ، سیاحت اور شہری ہوابازی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلقہ مختلف امور پر گفتگوکی گئی۔

اس موقع پر تاجکستان کے سفیر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے امن و امان کی بہتری، توانائی اور تجارت کے شعبے کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ حکومت د وستانہ تعلقات کی پالیسی کو جاری رکھے گی ۔ انھوں نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں ملکی تعمیر و ترقی اور علاقائی تعا ون کے فروغ پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر تاجکستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات میں بہتری ، ایوی ایشن کے شعبے کو مزید وسعت دینے اور سیاحت کے فروغ سمیت تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے اور کارگو سروس کے امور بھی زیر ِ بحث آئے۔

تاجکستان کے سفیر شیر علی جونو نے ایوی ایشن اور پی آئی اے کی بحالی اور کارگردگی کو بہتر بنانے کے لیے سردار مہتاب احمد خان کی جانب سےکئے گئے اقدامات کو سراہا۔

تازہ ترین