پاکپتن میں بابا فرید الدین گنج شکر کے 775 ویں عرس پر بہشتی دروازہ زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔ دنیا بھر سے آئے زائرین کی بڑی تعداد نے بہشتی دروازے سے گزرنےسعادت حاصل کی ۔
درگاہ بابا فرید الدین گنج شکر کےسالانہ عرس میں روایتی رونق دیکھی گئی۔ پاکستان ہی نہیں دنیا بھر سے زائرین کی جوق در جوق آمد جاری ہے۔ سجادہ نشین مودود مسعود چشتی نے بہشتی دروازے کی قفل کشائی کی۔ اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
سیاسی اور سماجی رہنماؤں سمیت قطار میں لگے ہزاروں زائرین بہشتی دروازے سے گزرے۔ معروف اداکار بہروز سبزواری نے بھی بہشتی دراوزے سے گزرنے کی سعادت حاصل کی۔
قفل کشائی کے بعد پیچے تقسیم کرنے کی رسم ادا کی گئی۔ زائرین پیچے حاصل کرنے کے لیے بے قرار نظر آئے۔ سیکورٹی کے لئے شہر بھر کی جیو ٹیگنگ کی کی گئی،جس کو کنٹرول روم میں مانیٹر کیا جاتا رہا۔
پولیس نے قطار میں آنے والوں کے لئے پانی کی سبیلوں کا انتظام کیاجبکہ لنگر کی تقسیم کے نظام پر بھی پر زائرین مطمئن نظر آئے۔
عظیم صوفی بزرگ بابا فرید الدین گنج شکر کے عرس کی تقریبات 25 ذالحج کو شروع ہوئیں اور 10 محرم الحرام کو ختم ہوں گی۔ 10 محرم الحرام کو مزار کو غسل دے کر بہشتی دروازہ آئندہ سال تک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔