راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے پانچ اضلاع میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی ڈولفن سکواڈ تشکیل دیئے ہیں جو موٹر سائیکلوں پر متحرک رہ کر خدمات سرانجام دینگے۔ پیر کو پولیس لائن نمبر ایک راولپنڈی میں ڈولفن فورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب پولیس کے یہ جوان چوبیس گھنٹے راولپنڈی میں سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے متحرک رہیں گے۔ اس موقع پر سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی، سی ٹی او چوہدری یوسف شاہد اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ عام تاثر ہے کہ لوگ پولیس سے خوفزدہ ہوتے ہیں لیکن پولیس سے یہ خوف صرف دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کو ہونا چاہئے۔ پولیس کی بھی کارکردگی ایسی ہونی چاہئے کہ امن پسند شہری پولیس کو اپنا ہمدرد اور دوست سمجھیں۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ قانون کی حکمرانی قائم کرنے والوں کو ہر قیمت پر قانون کی پاسداری کرنی چاہئے اور کبھی بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے۔ ڈولفن فورس راولپنڈی145 جوانوں پر مشتمل ہے جو 75ہیوی بائیکس پر شہر کی سڑکوں اورگلیوں میں ڈیوٹی دیگی۔ سی پی او راولپنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کیلئے خوف کی علامت اور شہریوں کیلئے فرینڈلی پولیس ثابت ہو گی اور 24گھنٹے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہو گا۔ لاہور میں کامیاب تجربے کے بعد راولپنڈی میں بھی اس فورس کی مدد سے جرائم پر بڑی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہونگے۔ ڈولفن فورس کے موٹر سائیکل سوار دن رات شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرینگے ، اُنکے پاس ملزمان اور چوری شدہ گاڑیوں کا ڈیٹا بھی موجود ہو گا اور یہ سکواڈ کسی بھی موقع واردات پر فوری پہنچے گا۔ اس سے قبل صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے پولیس یادگار شہداء پر بھی حاضری دی۔