• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ: حکومت کا امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کیس کا فریق بننے سے انکار، جواب طلب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

حکومت نے امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کیس میں عدالتی معاونت اور فریق بننے سے انکار کر دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت سے کیس کا فریق نہ بننے کی وجوہات طلب کر لیں۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر اسلام آباد کے جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت نے امریکا میں کیس میں فریق نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کس وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا؟ 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے یہی فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ حکومت یا اٹارنی جنرل کوئی فیصلہ کریں تو اس کی وجوہات بھی ہوتی ہیں، بغیر وجوہات کے کوئی فیصلہ نہیں کیا جاتا، یہ آئینی عدالت ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی عدالت آکر کہے فیصلہ یہ کیا ہے لیکن وجوہات نہ بتائے۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 4 جولائی کی سماعت پر وجوہات سے آگاہ کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید