• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسموگ، گدوتھرمل پلانٹ کے 2 یونٹ ٹرپ، 400 میگاواٹ بجلی سسٹم سے آئوٹ، ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق

اسلام آباد، لاہور(نمائندہ جنگ خبر ایجنسی) پنجاب بھرمیں اسموگ کاراج ہے،مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 7افراد جاں بحق اور 11افراد زخمی ہو گئے۔ گہری اسموگ کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ جبکہ ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہوا۔فضائی آلودگی کے باعث بننے والی زہریلی دھند سے پھیلنے والی بیماریوں سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔کئی علاقوں میں حد نظر صفر ہو گئی۔حد نگاہ کم ہوجانے کی وجہ سے موٹر وے کئی مقامات پر بندکردی گئی، اسموگ سے گدو تھرمل پاور پلانٹ کے دو یونٹس ٹرپ کر گئے،کشمور کے قریب واقع گدو تھرمل پاور پلانٹ کے یونٹ نمبر 15 اور 16صبح ٹرپ کر گئے جس سے 400 میگاواٹ بجلی کی پیداوار رک گئی،سندھ بلوچستان کے بعض علاقوں کو بجلی کی فراہمی متاثر، پنجاب میں پاورپلانٹس بندہونے کے باعث شہروں اوردیہات میں12،12گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جانے لگی۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے اسموگ اور دھند کی لپیٹ میں ہیں، شیخوپورہ میں دھند اور سموگ کی وجہ سے ٹریفک حادثات کے دوران 3 افراد جاں بحق ہوگئے ۔پہلا حادثہ لاہور سرگودھا روڈ پر واقع سرکاری خورد سٹاپ پر پیش آیا جہاں پر ڈمپر نے بے قابو ہو کر دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔دوسرا حادثہ فیصل آباد روڈ پر واقع قصبہ فیروز وٹواں کے قریب پیش آیا جہاں ٹرک شیخوپورہ سے فیصل آباد کی طرف جا رہا تھا ،فیروز وٹواں میںموٹر سائیکل سوار پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دم توڑ گیا۔بہاولپور میں ٹیل والا روڈ پر دھند کے باعث موٹر سائیکل بس کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث وین ،ٹریلر اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس سے خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے،پنڈی بھٹیاں میں چنیوٹ روڈ پرتیزرفتار ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا،جس میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، پنجاب بھرمیں اسموگ بیماریوں کا سبب ہی نہیں باربار بجلی جانے کی وجہ بھی بن گئی ہے۔ سمو گ کے باعث کئی پاورپلانٹس بندہیں جس کی وجہ سےشہروں اور دیہات میں گھنٹوں لوڈشیدنگ جاری ہے، صنعتی اورکمرشل فیڈرزبھی 12،12گھنٹے بندرہنے لگے،اتوارکوبھی پروازوں اورٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثرہوا۔شدید سموگ کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور تاکوٹ مومن اور ایم تھری فیصل آباد تا پنڈی بھٹیاں بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کردی گئی، موٹروے کے ان حصوں میں حدنگاہ صفر ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث بننے والی زہریلی دھند سے پھیلنے والی بیماریوں سے شہری پریشان ہیں، موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ملک کے میدانی علاقوں خصوصاً پنجاب میں اسموگ غیرمعمولی صورتحال اختیار کر چکی ہے۔
تازہ ترین