• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافت قابل احترام پیشہ،صحافی صفوں میں اتحاد پیدا کریں،افضل بٹ

مانچسٹر (اے اے جی) پی ایف یو جے پاکستان کے صدر افضل بٹ نے صحافیوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت قابل احترام پیشہ ہے اور صحافی جہاں دوسروں کی خبریں، بیانات اور ان کے نقطہ نظر سے آگاہ کرتا ہے، وہاں ان کی اپنی عزت نفس بھی ہونی چاہیے۔ صحافتی تنظیموں کے مختلف گروپس ہوسکتے ہیں لیکن ہر صحافی کی عزت، جان و مال کا تحفظ بھی لازم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر تحریک خودارادیت یورپ کے انفارمیشن سینٹر فالکن میں مقامی صحافیوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس میٹنگ کا اہتمام کشمیری رہنما امجد حسین مغل نے کیا تھا، افضل بٹ نے کہا کہ پاکستان میں صحافی کئی جہتوں کے پریشر برداشت کرتے ہوئے اپنی صحافتی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے مقدس پیشہ کا وقار بھی بحال رکھا جانا معاشرے کے ساتھ ساتھ خود صحافیوں کی ذمہ داری ہے،مقامی سطح پر صحافتی تنظیموں کو مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے کام کرنا چاہئے،مقامی سطح پر تمام صحافیوں کو باوقار دیکھنا چاہتے ہیں، جب سب متحد ہوکر بلائیں گے تو میں مشترکہ اجلاس میں پاکستان سے آکر خوشی محسوس کروں گا۔ افضل بٹ نے پاکستان کی سیاسی صورتحال اور بیرون ملک آباد پاکستانیوں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاسی ابتری پر نہ صرف بیرون ملک ہم وطنوں کو پریشانی ہے بلکہ تمام محب وطن ملک کے اندر بھی متفکر ہیں، پاکستان میں ہر حال میں جمہوریت مستحکم اور احتساب بے لاگ، غیر جانبدار ہونا چاہئے، کسی ایک سیاسی پارٹی یا خاندان کے احتساب سے شکوک پیدا ہوں گے، احتساب کا عمل سب کے لئے پاکستان اور ہر قسم کی جانبداری سے پاک ہونا چاہئے۔ انہوں نے مسئلہ کشیر پر بھارتی ہٹ دھرمی خصوصاً ایل او سی پر فائرنگ کی مذمت کی اور اسے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر صحافی سہیل، مسٹر ملک، علامہ جی، اعجاز افضل، غلام مصطفی مغل، ہارون مرزا، ذوالفقار علی مہر، چوہدری عارف پندھیر نے مقامی سطح پر صحافیوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ کے اعزاز میں امجد حسین مغل اور دیگر کشمیری رہنمائوں نے استقبالیہ دیا۔
تازہ ترین