• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک جے سی سی اجلاس آج ہوگا ریلوے، منصوبوں کی منظوری دی جائیگی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مشترکہ رابطہ کمیٹی (جے سی سی) کا ساتواں دوروزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا، پہلے روزسی پیک کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں پر تجاویز کو حتمی شکل دی جائیگی جبکہ باضابطہ اجلاس کل منگل کو ہوگا، وزارت منصوبہ بندی کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری منصوبہ بندی شعیب صدیقی اور انکے چینی ہم منصب آج کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرینگے،پاک چین اعلی حکام کے اجلاس میں جے سی سی کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جائیگی، منگل کواجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان جبکہ چین کی جانب سے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن کے نائب صدر وانگ ژیائو اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہونگے ، 54ارب ڈالر کے سی پیک منصوبوں کو حتمی شکل دینے اور انکی منظوری کے حوالے سے جے سی سی اہم اور بڑا فورم ہے ، اجلاس میں توانائی کے 11ہزار میگاواٹ کے نئے منصوبوں کی بھی منظوری دی جائیگی ان میں سے دو ہائیڈرو پاور پروجیکٹس گلگت بلتستان میں تعمیر کئے جائیں گے ،گلگت تا چترال روڈ ، شندور ، چترال تا چکدرہ روڈ ، مظفرآباد تا مانسہرہ روڈ ، میرپور روڈ، نوکنڈی ، مشاخیل پنجگور روڈ کو ایم 8اور این 85سے ملانے کے منصوبوں کی منظوری دی جائیگی ، اجلاس میں گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ ، گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے ، پاک چین فرینڈ شپ سینٹر ، تکنیکی اور ووکیشنل انسٹیٹوٹ اور پینے کے صاف پانی کے پلانٹ کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری بھی دی جائیگی، ذرائع کے مطابق جے سی سی اجلاس میں9 خصوصی اقتصادی زونز تعمیر کی بھی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے ، 9خصوصی اقتصادی زونز میں چارکی فیزیبلٹی سٹڈی تیار کر لی گئی ہےجسےاجلاس میں پیش کیا جائیگا ہے منصوبوں میں خیبر پختونخوا کے رشکئی، سندھ میں دابیجی ، پنجاب میں فیصل آباد اور گلگت بلتستان کے اکنامک زونز شامل ہیں ۔
تازہ ترین