لاہور(نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف پہلے بھی عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے اور اب بھی ہیں ۔کوئی بھی طاقت انہیں عوام سے جدا نہیں کر سکتی اور نہ ہی عوام کے ووٹوں کی طاقت کا کوئی مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ 2013ء کی طرح 2018کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی ۔ مخالفین کو عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔
گزشتہ روز این اے120 کے دورےکے موقع پر پارٹی کارکنوں اور صحافیوں سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ عوام کا جنون دیکھ کر بے انتہا خوشی ہورہی ہے۔ پہلے بھی عوام کی سچے دل سے خدمت کی ۔آئندہ بھی یہ سفر جاری رہے گا۔ قبل ازیں مریم نواز نے ماڈل ساندہ روڈ کاافتتاح کیا ۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچاور کیں اور شیرآیا شیر آیا کے نعرے بلند کیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزجاتی امرا ءسے مسلم لیگ (ن )نے اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کی تھیں۔ اسی سلسلے میں این اے 120سے کارکنوں نے مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔