افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے اعلان کیا ہے کہ جن افغانیوں پر امریکا نے اپنے دروازے بند کردیے وہ وطن واپس آجائیں۔
عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملا محمد حسن اخوند کا کہنا تھا کہ وہ افغان جن پر امریکا نے اپنے دروازے بند کر دیے وہ وطن واپس آجائیں، وہ افغان بھی واپس آسکتے ہیں جنہوں نے امریکی مقاصد کے لیےاسلامی نظام کو نقصان پہنچایا۔
افغان قائم مقام وزیراعظم نے کہا کہ واپس آنے والوں کو کسی زیادتی یا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، طالبان کے امیر ہبت اللّٰہ اخوند زادہ سب کے لیے عام معافی کا اعلان کر چکے ہیں۔
خیال رہے کہ افغان طالبان کی جانب سے یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سمیت 12 ممالک پر وسیع سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں، ان پابندیوں کے تحت افغان شہریوں کا امریکا میں مستقل یا عارضی قیام تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ طالبان نے اگست 2021 میں کابل پر قبضہ کرکے بیشتر افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیا تھا، جس کے بعد ہزاروں افراد ہوائی اڈوں، ایران اور پاکستان کی سرحدوں کی طرف روانہ ہو گئے تھے۔