• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کی سی ای سی میں کلیدی حیثیت مریم نواز کی ہوگی،تجزیہ کار

Todays Print

کراچی(جنگ نیوز) سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہوتی کیونکہ قیادت فیصلے خود کرتی ہے باقی لوگ ربر اسٹیمپ ہی ہوتے ہیں ن لیگ کی سی ای سی کا مقصد مریم نواز کو سیاست میں باقاعدہ شامل کرنا ہے، حمزہ شہباز کو صرف توازن بنائے رکھنے کیلئے سی ای سی میں شامل کیا گیا ،سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں باقی لوگوں کے مقابلہ میں مریم نواز کی کلیدی حیثیت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”لیکن!“ میں میزبان رابعہ انعم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ اور معروف تاریخ ڈان ڈاکٹر مبارک علی نے کہا کہ پدماوتی کا واقعہ محض قصہ کہانی ہے اس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہےمغل اعظم سے لے کر اب تک بننے والی تقریباً تمام تاریخی فلمیں فرضی واقعات پر مشتمل ہیں،ناز بلوچ نے کہا کہ لیاری کے عوام پیپلز پارٹی کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، عذیر بلوچ کیس میں فریال تالپور کا نام گھسیٹ کر لانا پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔۔میزبان رابعہ انعم نے پروگرام میں ایک اہم معاملہ کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے محکمہ صحت نے صوبے کے چھبیس ہزار طلباء کا تعلیمی سال داؤ پر لگادیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایسوسی ایشن کے قوانین ہوا میں اڑادیئے ہیں، سرکاری میڈیکل کالجز اور جامعات میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کا پرچہ دوبارہ لینے میں تاخیر کے باعث اور داخلے نہ ہونے کے باعث بچوں کا تعلیمی سال متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، سندھ حکومت نے گیارہ نومبر کو پندرہ دن میں ٹیسٹ کروانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن سندھ حکومت کے واضح احکامات کے باوجود ڈاؤ یونیورسٹی کی انتظامیہ اب تک ٹیسٹ لینے سے قاصر ہے، پی ایم ڈی سی کے قوانین کے تحت اکتیس اکتوبر تک سرکاری میڈیکل کالجز کوا پنے داخلے پورے کرنے ہوتے ہیں جبکہ نجی میڈیکل کالجز اکتیس دسمبر تک داخلے پورے کرنے کے مجاز ہیں۔نمائندہ جیو نیوز خاور خان نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پورے صوبے میں نجی و سرکاری میڈیکل کالجز اور جامعات میں ایک ساتھ لینے کا فیصلہ کیا تھا، بائیس اکتوبر کو ٹیسٹ ہوا لیکن شام میں خبر آئی کہ پرچہ اکیس اکتوبر کی رات گیارہ بجے لیک ہوگیا تھا، سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو نے فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا کہ انٹری ٹیسٹ کو کینسل کردیا گیا ہے اب دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ نے احکامات جاری کیے کہ پندرہ دن کے اندرا نٹری ٹیسٹ دوبارہ لیا جائے گا، سیکرٹری صحت اور ڈاؤ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس دوبارہ ٹیسٹ لینے کے وسائل نہیں ہیں اس سلسلے میں ایچ ای سی کو لکھ دیا گیا ہے، ٹیسٹ میں پاس ہونے والے طلباء دوبارہ ٹیسٹ کے معاملہ پر عدالت چلے گئے اور اب عدالت نے اس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ لیاری کے عوام پیپلز پارٹی کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، عذیر بلوچ کیس میں فریال تالپور کا نام گھسیٹ کر لانا پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی طرح ن لیگ نے بھی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی بنادی ہے، اس کمیٹی میں زیادہ تر لوگ وہی ہیں جو پہلے ہی نواز شریف کی کور کمیٹی میں ہیں، پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہوتی کیونکہ قیادت فیصلے خود کرتی ہے باقی لوگ ربر اسٹیمپ ہی ہوتے ہیں۔ عارف نظامی کا کہنا تھا کہ سی ای سی بنانے کی ایک وجہ مریم نواز کو سیاست میں باقاعدہ شامل کرنا بھی ہے، پارٹی کی حالیہ میٹنگوں میں مریم نواز کی شرکت بھی شروع ہوگئی ہے، سی ای سی میں شامل کر کے این اے 120میں ان کے کردار کو سراہا گیا ہے، نواز شریف ویسے بھی مریم نواز پر کافی انحصار کرتے ہیں، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں باقی لوگوں کے مقابلہ میں مریم نواز کی کلیدی حیثیت ہوگی،حمزہ شہباز کو صرف توازن بنائے رکھنے کیلئے سی ای سی میں شامل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین