• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا اور بادلونا میں میلادالنبیﷺ کے جلوسوں کا انعقاد، میلاد منانا مومن کی نشانی ہے، ارشاد سعید

بارسلونا (شفقت علی رضا) جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں منہاج القرآن انٹر نیشنل سپین کے زیراہتمام سالانہ مرکزی محفل میلاد النبیﷺ کا انعقاد سپورٹس ہال رمبلہ روال پر ہوا، کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ صہیب شبیر نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت عاطف احتشام اور قدیر احمد خان نے حاصل کی، ڈنمارک سے آئے ڈائریکٹر منہاج اسلامک سینٹر علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو جتنی بھی نعمتیں عطا فرمائیں ان میں سب سے بڑی نعمت اپنا محبوب عطا کرنا ہے، علامہ ارشاد حسین سعیدی نے کہا کہ جسے نبی اکرمﷺ کی آمد پر خوشی نہیں اسے اور کوئی خوشی منانے کا حق نہیں، حضور اکرم ﷺ کی ولادت سب سے بڑی عید ہے جسے منانا اور ماننا عین ایمان ہے، مومن کی نشانی ہے کہ ولادت نبی کو مانتا بھی ہے اور مناتا بھی ہے۔ کانفرنس میں دو خوش نصیبوں کیلئے بذریعہ قرعہ اندازی عمرے کے ٹکٹ بھی نکالے گئے، سابق صدر منہاج القرآن مسقط غلام مرتضیٰ قادری نے حضور اقدس کی خدمت میں درودو سلام پیش کیا جبکہ دعائے خیر علامہ عبدالرشید شریفی نے کی۔ پروگرام کے اختتام پرشاہراہ روال سے پلاسہ پیدرو اسلامک سنٹر منہاج القرآن تک مشعل بردار جلوس نکالا گیا جس کی قیادت پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری اور منہاج القران سپین و یورپ کے صدر ظل حسن نے کی۔ بارسلونا کے نواحی علاقہ بادالونا میں بھی عید میلاد النبیؐ کا جلوس برآمد ہوا جو اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا مقامی بلدیہ کے ہال میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، شرکاء جلوس کے لئے علی ذوالفقار حشمت اور چوہدری امتیاز لوراں اور راجہ ٹیپو نے ’’کایئے چلی‘‘ میں دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی تھیں جہاں جشن آمد رسول ﷺ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ جلوس میں اہل تشیع کی نمائندگی بھی موجود تھی، اس موقع پر روزنامہ جنگ سے بات کرتے ہوئے شرکاء جلوس نے کہا کہ ہمیں یہاں کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ جنہوں نے ہمیں بارسلونا اور بادالونا کی گلیوں اور بازاروں میں درود پاک کا ورد کرنے اور نعرہ رسالت ﷺ لگانے کی اجازت دی، انہوں نے کہا کہ ہم اُن تمام ساتھیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے عید میلاد النبیﷺ کے جلوس کے انعقاد کو یقینی بنانے میں اپنی خدمات پیش کیں۔ جلوس کے انتظامی امور طارق رفیق بھٹی، شہباز ملک، شہزاد اصغر بھٹی، الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان، مبین لوراں، گلزار شاہ، سعد اللہ خان اور دوسرے سپینش اور پاکستانیوں نے اپنے ذمہ لئے تھے جو انہوں نے احسن انداز سے نبھائے۔ عید میلاد النبیﷺ کے جلوس کے ساتھ مقامی سیکورٹی ادارے اور پولیس کی گاڑیاں مسلسل ڈیوٹی دیتی رہیں تاکہ مسلمانوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔
تازہ ترین