پشاور (خبر نگار خصوصی) پاک کونسل آف ورلڈ ریلجنز فیتھ فرینڈز کے زیر اہتمام کرسمس کا تہوار بھر پور انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی اور کوئٹہ چرچ میں گزشتہ روز دہشتگردی کے واقعے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔تقریب کی صدارت علامہ فخرالحسن کراروی نے کی جبکہ ہارون سرب دیال، چرن جیت سنگھ، پادری جوزف جان اوربشپ ارنسٹ مہمانان گرامی کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔ اس موقع پر کوئٹہ چرچ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر نے کے علاوہ شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ مقررین نے کہا کہ ایک دوسرے کی غمی خوشی میں شریک ہونا معاشرے میں یکجہتی کو فروغ دیتا ہے، اسلام سمیت تمام مذاہب کی تعلیمات اپنے مذاہب کو زبردستی ایک دوسرے پر تھوپنے سے منع کرتی ہیں اس لئے جو لوگ دنیا میں زبردستی اپنے ایجنڈے کو دوسروں پر تھوپنے کی کوشش کرتے ہیں وہ در اصل دنیا کا امن خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اس موقع پرپاک کونسل آف ورلڈ ریلیجنز فیتھ فرینڈز کی طرف سے کوئٹہ چرچ کے متاثرہ خاندانوں کیلئےپچاس، پچاس ہزار روپے کا اعلان بھی کیا گیا۔