• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مٹھی میں دو تاجربھائیوں کے سوگ میں تیسرے روز بھی شٹر ڈائون ہڑتال

اسلام کوٹ+میر پور خاص+عمرکوٹ(نامہ نگاران) مٹھی میں دو تاجربھائیوں کے سوگ میں تیسرے روز بھی شٹر ڈائون ہڑتال رہی اور مہیشوری برادری، شہریوں اور تاجر برادی کا کشمیر چوک پر دھرنا بھی جاری رہا ۔تفصیلات کے مطابق اسلام کوٹ مٹھی میں دو تاجربھائیوں کے سوگ میں تیسرے روز بھی مارکیٹیں بند رکھ کر مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ مہیشوری برادری، شہریوں اور تاجر برادی نے کشمیر چوک پر مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا جاری رکھا۔پولیس ملزمان کی گرفتاری میں تا حال ناکام ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران مہیشوری برادری کے وکرم مہیشوری پیتامبر مہیشوری اور دیگرنے کہا کہ دو نوجوانوں کا قتل کرکے تھر کے پرسکون ماحول کو تباہ کیا گیاہے۔جس کے وجہ سے شہر میں خوف طاری ہے جبکہ شہر کے چوکیداروں کو رات بھی نامعلوم افراد نے دھمکیاں دی ہیں۔ جس کے باعث تاجر برداری اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہی ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی میں رینجرز مقرر کی جائی اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ دریں اثناء مٹھی کے داخلی و خارجی راستوں کی پولیس پکٹس پر چیکنگ کے عمل کو سخت کیا گیا ہے۔ میرپورخاص تین دن قبل تھرپارکر ضلع کے ہیڈ کوارٹر مٹھی میں دن دیہاڑے دو تاجر بھائیوں کو قتل کرنے کے واقعہ کے خلاف اتوار کو ہندو برادری نے چندر مہشوانی ایڈووکیٹ،ہتیش مہشوانی،لعل مالہی اور دیگر کی قیادت میں لعل مندر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر واقعہ کے خلاف نعرے تحریر تھے۔اس موقع پرمقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ریلی اور احتجاج میں سول سوسائٹی میرپورخاص کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ عمرکوٹ مہیشوری برداری کے رہنما تاجر سیٹھ برج لال مہیشوری، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین حاجی خالد سراج سومرو اور دیگر کی قیادت میں سیکڑوں مہیشوری برداری کے افراد نے مٹھی میں دو نوجوان ہندو تاجر بھائیوں دلیپ مہیشوری اور چندر مہیشوری کو قتل کرنے کے واقعے کیخلاف سخت احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین حاجی خالد سراج سومرو نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی میں ہونے والے اس افسوسناک واقعہ کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اس واقعےسے تھرپارکر اور عمرکوٹ کی عوام اور تاجروں میں خوف ہراس پھیلا ہوا ہے دلیپ کمار اور چندر کمار کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے مہیشوری برادری کے رہنما تاجر سیٹھ برج لال مہیشوری نے کہا کہ ہمیں پیپلزپارٹی کے ووٹر ہونے کی سزا دی جارہی ہے اور پیپلزپارٹی کی حکومت میں ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں ہمارے برادری کے دو نوجوانوں کو قتل کردیا گیا جو افسوسناک عمل ہے۔ کونسلر لیکھراج مل مالہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ہندوئوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے ۔ ٹھٹھہ مٹھی میں ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان کے ہاتھوں قتل ہونے والے دو سگے تاجر بھائیوں کے قتل کے خلاف ہندو پنچایت اور مہیشوری برادری کی جانب دریانو مل، پوپٹ لعل اور تلسی داس کوہستانی کی قیادت میں مکلی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبات درج تھے۔
تازہ ترین