• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ نے پاکستان سے دہشتگردوں کیخلاف اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی

Todays Print

لاہور (آصف محمود) اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹوریٹ برائے کائونٹر ٹیررازم نے پاکستان سے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں، دہشت گردوں کے اثاثے منجمد کرنے، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ سمیت دیگر سنگین جرائم کے خلاف اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کو اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل ڈائریکٹوریٹ کی طر ف سے بھیجے گئے ایک خط میں اقوام متحدہ کی 2001ء کی قرارداد 1373 پر عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ بھیجنے کا کہا گیا ہے۔ پاکستان سے پوچھا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی ریکروٹمنٹ کے عمل کو کچلنے کے لئے انٹرنیٹ کے ذریعے بھرتی اور پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے ہاتھوں استعمال ہونے سے بچانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تیار کی گئی رپورٹ فراہم کی جائے۔ اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل نے دفتر خارجہ سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے لئے اکسانے والوں کے خلاف کئے گئے اقدامات کی رپورٹ بھی مانگی ہے۔ پاکستان میں کام کرنے والی نان پرافٹ آرگنائزیشنز، کیش کوریئر، وائر ٹرانسفر اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کئے گئے اقدامات کی رپورٹ بھی فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ڈائریکٹوریٹ برائے کائونٹر ٹیررازم کو رپورٹس بھیجنے کے لئے وزارت داخلہ، وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا)، ایف آئی اے، سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز ( جی ایچ کیو)، ڈائریکٹر جنرل فنانشل مانیٹرنگ یونٹس، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب سمیت سندھ، بلوچستان اور کے پی کے کے سیکرٹری داخلہ کو رپورٹس مرتب کرنے کا کہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر کائونٹر ٹیررازم نے تمام مذکورہ بالا محکموں کے سربراہوں سے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے تمام ممبر ملک یو این چارٹر کی قرارداد 1373 پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔ اس قرارداد پر عملدرآمد نہ کرنے سے عالمی برادری کی طرف سے سخت ردعمل کے خطرے کے علاوہ سکیورٹی کونسل کی طرف سے پابندیاں بھی عائد کی جاسکتی ہیں۔ ڈائریکٹر کائونٹر ٹیررازم نے یہ بھی کہا ہے کہ دفتر خارجہ ایک بین الوزارتی میٹنگ کا انعقاد کرے گی جس میں اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ڈائریکٹوریٹ برائے کائونٹر ٹیررازم کی طرف سے جاری کردہ ٹیکنیکل گائیڈ کے تحت کئے گئے اقدامات اور قرارداد 1373 پر عملدرآمد کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

تازہ ترین