• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Extreme Cold Surrounds Quetta

وادی کوئٹہ آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، شدید سردی کی لہرکےباعث کوئٹہ2 روز سےملک کاسرد ترین شہرہے، سردی ایسی کہ ہر شے ٹھٹھرتی محسوس ہورہی ہے۔

وادی کوئٹہ میں شدید سردی کی لہراس ہفتے کےآغازمیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کےبعد شروع ہوئی تھی، اس دوران وادی کےافق پر مطلع ابرآلود رہا اور بادل چھائے رہے۔

بارش کےبعد دو روز قبل سرد ہواؤں کاسلسلہ شروع ہوا تو وادی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، سردی کی شدت کے باعث وادی میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔

آج بھی شدید سردی کی شدت برقرار رہی اور کوئٹہ کم سےکم درجہ حرارت منفی نو ڈگری سینٹی گریڈکےساتھ ملک کا مسلسل دوسرے روز بھی سرد ترین شہر رہا، سردی کی شدت ایسی کہ سڑکوں پر کھڑا پانی اور گھروں میں پانی کےپائپ جم گئے، شہریوں کےعلاوہ ہر شے اور ہر منظر جما ہوامحسوس ہورہاہے،وادی میں سورج اپنامکھڑا تو دکھا رہا ہے مگر اس کی کرنیں بھی ٹھٹھرتی محسوس ہو رہی ہیں۔

سردی کی شدت سے وادی کوئٹہ میں معمولات زندگی بھی کسی حدتک متاثر ہوئے ہیں،اور لوگوں کوزیادہ تر گھروں میں رہنےپر مجبور کردیاہے،جو باہر ہیں وہ ٹھٹھرتے نظرآتے ہیں،کوئی دھوپ سینک رہاہے تو کوئی سردی سےبچاؤ کیلئے آگ تاپتا نظر آرہا ہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سردی کی شدت میں بتدریج کمی آئےگی، تاہم 10فروری کو مغربی ہواؤں کا ایک اور سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کےتحت کوئٹہ کےعلاوہ ژوب اور قلات ڈویژن میں 10اور 11فروری کو بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے امکانات ہیں۔

تازہ ترین