• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس وقت ملک کی20کروڑ سے زائد آبادی کا بڑا حصہ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسپتالوں میں بھی علاج معالجہ کرانے کی سہولت سے محروم ہے۔ ڈاکٹروں کی اکثریت ٹیچنگ اسپتالوں سے منسوب اپنے ناموں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پرائیویٹ اسپتالوں میں اپنی تختی لگا کر فرض مسیحائی ادا کر رہی ہے۔ دوسری طرف بہت سے نجی اسپتال کاروبار کا ایسا ذریعہ بن گئے ہیں کہ انہیں دیکھ کر اس شعبے سے غیروابستہ کاروباری افراد بھی اس ’’سرمایہ کاری‘‘ میں پیش پیش ہیں۔ زندگی اور موت کی کشمکش میں گرفتار ان اسپتالوں میں پہنچائے گئے مریضوں کے لواحقین سے سب سے پہلا تقاضا لاکھوں روپے سیکورٹی جمع کرانے کا کیا جاتا ہے اسی لئے چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے از خود نوٹس میں توجہ دلائی ہے کہ طب کا شعبہ کاروبار یا کمائی کا ذریعہ نہیں ہونا چاہئے، سستا علاج ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔ فاضل چیف جسٹس کی یہ بات بلاشبہ غریب عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہے لیکن مسیحائی کو کاروبار بنا کر راتوں رات دولت کے انبار لگانے کی دوڑ میں شریک ہونے کا رجحان اب بہت بڑھ چکا ہے اس کیلئے ٹھوس بنیادوں پر انتہائی فعال منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے بجا طور پر اس بات کا نوٹس لیا ہے کہ بعض سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دل کے مریضوں کو اچھے اور مہنگے ظاہر کر کے سستے اور غیر معیاری اسٹنٹ ڈالے جا رہے ہیں یہ انسانی زندگی اور موت کا معاملہ ہے اس میں بھی ’’برانڈز‘‘ کا تعین کرنا کس قدر افسوس کی بات ہے۔ اس حوالے سے عدالت عظمیٰ نے ماہرین کی پانج رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 15دن کے اندر پیشرفت رپورٹ طلب کی ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ علاج معالجہ میں غریب مریضوں پر بوجھ ڈالنے والے جملہ اخراجات کا بھی نوٹس لیا جائے گا جن میں سے گردوں کے ڈائیلسز اور ہیپاٹائٹس سی کے اخراجات کا ذکر بھی جناب چیف جسٹس نے از خود کیا ہے۔

تازہ ترین