• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

(گزشتہ سے پیوستہ)
خواب میں دیکھا روحانی اسکالر بشریٰ عمران خان کہہ رہی ہیں، کپتان! مولانا روم اور ابن عربی کو پڑھنے کی عادت ڈالیں، تاکہ ہم حقیقی بادشاہ کو خوش کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ سرتاج! یہ آپ کی مہربانی ہے، مجھے شادی کیلئے منتخب کیا۔ آپ کو یاد ہے نا، جب عائشہ گلالئی کا ایشو بنا تھا، آپ شدید پریشانی کی حالت میں تھے، میں نے کہا تھا کہ مزار پاکپتن شریف حاضری دیں، جو لوگ عائشہ گلالئی کو آپ کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں، آنے والے دنوں میں یہ آپ کے بجائے، مسلم لیگ (ن) کو نقصان پہنچائے گی، تو یوں عائشہ گلالئی آپ کے بارے میں نرم رویہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگئی اور آج یہی مسلم لیگ (ن) والوں کے خلاف الزام لگا رہی ہے، کہ انہوں نے سینیٹ کے ٹکٹ کے عوض مجھے اداروں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی۔
کپتان سنو! خانوادہ پیر سید جماعت علی شاہ لاثانی کے عظیم چشم وچراغ اور ’’اجتہاد‘‘ کے مرشد پیر سید محمد اسماعیل کہتے تھے، زندگی ایک دن کی طرح ہے، سورج کا طلوع ہونا، دوپہر ہونا اور عصر کے بعد شام ہونا، یہ عصر والی زندگی کسی وقت بھی ختم ہو سکتی ہے۔ اب الزامات پر مبنی زندگی کو چھوڑ دیں، اب روحانی کے علاوہ عملی زندگی میں بھی میری بات ماننا شروع کریں۔ ہم! مشرقی لوگ ہیں، خاوند باہر کے معاملات دیکھتے ہیں، بیگمات گھر کے معاملات، لیکن گھر رات جلدی آتے ہیں اور دن بھر کے معمولات سے بیگمات کو آگاہ بھی کرتے ہیں۔ بنی گالا کے بڑے گھر میں اکیلے رہنا مشکل ہے، کبھی آپ اپنے بچوں اور کبھی میں اپنے بچوں کو بلا لیا کروں گی۔ ’’اجتہاد‘‘ کہتا ہے کہ ’’جس کی تنہائی پاک، اس کی زندگی پاک‘‘۔ آئیں! اب آپ اپنی تنہائی کو خرافات سے ’’اللہ ہو‘‘ کی ضربوں میں تبدیل کر دیں۔ کپتان سنیں! نوازشریف کو پٹواریوں کے طعنے دینے والوں یعنی آپ کے بوٹ پالشیوں سے بڑا ڈر لگ رہا ہے۔ آپ کے ساتھ جو کالے رنگ کی عینکیں لگا کر کھڑے ہوجاتے ہیں، یہ سارے آپ کے ساتھ نہیں، بلکہ صرف اور صرف اپنے ساتھ ہیں۔ ہاں یاد آیا، چوہدری محمد سرور گورنر شپ چھوڑ کر آپ کے قافلے میں شامل ہوئے تھے، کیا ہوا، اگر آپ سے سچی اور کھری باتیں کرتے ہیں، وہ آپ کے ہیں، یہ سارے آپ کے نہیں۔ نارووال میں ابرارالحق اور سابق ضلع ناظم جاوید کاہلوں کو آپس میں بٹھائیں اور ان کے قومی اور صوبائی ٹکٹ فائنل کریں، اسی فارمولے پر پورے پاکستان میں عمل کریں، بہتر ہوگا، کہ ’’گلوکار‘‘ ابرار الحق کو دیہی کی بجائے شہری آبادی جیسے لاہور اور اسلام آباد سے الیکشن لڑائیں۔ کپتان! کہیں ایسا نہ ہو، کہ اب شادی کے بعد روایتی شوہر جیسا رویہ اختیار کریں، میں اب آپ کی بیوی ضرور ہوں، لیکن میرے عملیات آپ کو فائدہ اسی وقت دیں گے، جب آپ میری بات مانتے رہیں گے۔ آئیں عہد کریں، پاکستان کے وزیراعظم بنیں یا نہ بنیں، لیکن میرے دل کے وزیراعظم بن کر رہنا، دوبارہ کسی اور عورت سے شادی کے چکر میں نہ پڑ جانا۔ مجھے عجیب وغریب بریکنگ نیوز کی توپوں کے گولوں سے بچائے رکھنا۔ کپتان! میری روحانی قوت سمجھتی ہے، کہ جونہی نگران حکومت کا اعلان ہوگا۔ نظر نہ آنے والی اندورنی وبیرونی قوتوں کے اشاروں پر ایک ایسی خوف ناک تیز آندھی چل سکتی ہے۔ جس میں آپ کا فائدہ اور نقصان دونوں ممکن ہے۔ لہٰذا ابھی سے مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی اوراپنی جماعت تحریک انصاف کے فصلی بٹیروں پر نظر رکھنا شروع کر یںاوران کی فہرستیں بھی مرتب کریں، بدقسمتی سے یہ ایسے خوش نصیب وخوش بخت سیاسی شتر بے مہار مرغ اور موسمی مینڈک ہیں، یہ جس طرف چلے گئے، 70سالوں سے حکومت اسی کی ہمیشہ بنتی چلی آرہی ہے، یہ وہ لوگ ہیں، جو کسی انتخابی نشان شیر، تیر اور بلا وغیرہ کے محتاج نہیں۔ بلکہ ان کے ذاتی اثرورسوخ کی بناء پر ان کے حلقے ہمیشہ محفوظ چلے آرہے ہیں۔ ساتھ آپ کو یہ بھی بتائوں، کہ الیکشن سے پہلے کوئی خوفناک حادثہ بھی ممکن ہے، یہ حادثہ الیکشن کے اوپر جہاں براہ راست اثر انداز ہوگا۔ وہیں پر اس حادثہ کے ملکی سیاست والیکشن پرگہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ لیکن میرے مہاراجہ! اب مجھے اپنی گرفت میں لئے رکھنا، آپ کے دشمن بہت زیادہ ہیں، میرا کوئی دشمن نہیں تھا، آپ کی وجہ سے مجھے جہاں دوست ملے ہیں، وہی پر آپ کی طرف سے مجھے دشمنوں کا تحفہ بھی ملا ہے۔ دیکھیں جمائما نے عدالتی نااہلی سے بچایا تھا، تو میں نے آپ کو ایمانی نااہلی سے بچایا ہے، اس لئے مجھے بس اپنا بنا کر رکھنا، یاد کرو، آپ قوم سے دعائیں کراتے تھے، کہ آپ کی ذاتی زندگی میں خوشی آئے، اب آتو گئی، لیکن اب ساتھ نبھانا آپ کا کام ہے۔ کپتان یار! جس مفتی سعید کو آپ ہمیشہ نکاح کیلئے منتخب کرتے ہیں یہ بندہ بڑاہی ’’بے برکتا‘‘ ہے جس کا ریحام کے بارے استخارہ بھی درست نہیں ہوا تھا۔ لیکن کاش! میرا نکاح آپ اس سے نہ پڑھواتے، مفتی سعید سے بچو! مجھے اس سے خوف آتا ہے۔ ویسے بھی یہ فرید الدین گنج شکر کو پسند نہیں۔ رن مرید کے طعنوں کی پروا نہ کرنا، عام بیوی کا مرد بھی رن مرید بن جاتا ہے کپتان ہم تو دونوں پیر مرید ہیں۔ تو پھر طعنوں کی کیا فکر۔ جو آپ کی شادی پر اعتراض کررہے ہیں، یہ لوگ کاش! نکاح کو ترجیح دیں، کتنی بدقسمتی ہے، اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے، ملک میں جہاں نکاح عیب بن گیا ہے ’’گناہ‘‘ عیب نہیں رہا۔ آئوکپتان! میرا دل کرتا ہے ’’اجتہاد‘‘ کے ساتھ ملکر ’’آسان نکاح تحریک‘‘ شروع کریں، سوشل میڈیا کے گند سے مجھے بچائے رکھنا۔ اچھی ہوں یا بری، دانتوں کے نیچے زبان لے لو، اب ہم نے زندگی نبھانی ہے، ’’اب میں آپ کی اورآپ میرے‘‘۔ اس لئے ’’طلاقیں رچانا چھوڑیں اور زندگی نبھانا شروع کریں‘‘ آئو! قبر کی دیواروں تک ساتھ رہنے کا عہد کریں، کپتان! اب لنگر عام کردیں، کیونکہ عزیز الدین اور نجیب الدین کے بھائی بابا فرید الدین گنج شکر کہتے ہیں ’’ہر کسی کی روٹی نہ کھا، بلکہ ہر شخص کو اپنی روٹی کھلا‘‘ جماعت میں اپنے منشور کو آگے لیکر بڑھیں اور بس بڑھتے چلے جائیں، دائیں بائیں کی قوتوں اور اشاروں پر چلنا چھوڑ دیں، بابا فرید کہتے ہیں ’’وہ لوگ جو دوسروں کے سہارے جینے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ کم ظرف اور مایوس ہوتے ہیں‘‘۔ کپتان! جھوٹ اور سخت زبان بولنا چھوڑ دیں، بابا فرید کا حکم ہے کہ ’’وہ شے بیچنے کی کوشش نہ کرو، جسے لوگ خریدنے کی خواہش نہ کریں‘‘۔ کپتان لوگو! کو محبت سے اپنا بنائیں، دھمکیوں کا دور ختم ہو چکا۔ ذکر واذکار و وظائف، تسبیح، درود وسلام آپ بھی پڑھتے ہیں اور میں بھی، آئو نیکیوں میں اب ایک، نیک اور پاک ہو جائیں، بنی گالا میں میرا، اور اپنا مزار ضرور بنانا۔ میرے بہانے لوگ آپ کو بھی ایصال ثواب کرتے رہیں گے۔ کپتان! شہباز شریف کے گرفتار ہونے کے امکانات بڑھتے جارہے ہیں۔ کپتان! ن لیگ میں اس وقت دو آرا ہیں، کہ سینیٹ کے الیکشن کے فوری بعد اسمبلیاں توڑنے اور، دوسرا گروپ مدت پوری کرنے کا حامی۔ میں نے جب خواب سے آنکھیں کھولی، تو سامنے عمران خان تحریک انصاف علماء ومشائخ ونگ کے صدر پیر سید محمد حبیب عرفانی کی دعوت پر ایوان اقبال لاہور میں ختم نبوت کانفرنس خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس میں ملک گیر سطح کی بڑی درگاہوں کے سجادہ نشین موجود تھے، میں پیر صاحب کی دعوت اور محمد جمال بھٹی کے اصرار پر کانفرنس میں شریک ہوا۔ اس ہفتہ جماعت اسلامی شعبہ خواتین نے ڈاکٹر رخسانہ جبیں اور خرم مراد کی خوبصورت نکھری نکھری اور دل کی زندگی بدلنے والی تحریروں کا گلدستہ بھیجا۔ شکریہ! اس لٹریچر سے ’’اجتہاد‘‘ کے حامیوں کو ضرور فائدہ حاصل کرنا چاہیے۔ ہر دکھ درد کی دوا بس! درود مصطفیﷺ آج! جمعہ ’’80‘‘ بار پڑھ کر اس سوموار کو میرے فوت ہونے والے چچا چوہدری محمد لطیف اور دیگر مرحومین کو ایصال ثواب ضرورکریں۔

تازہ ترین