• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی شازیہ فاروق کی خودکشی کی کوشش

ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی شازیہ فاروق کی خودکشی کی کوشش

سینٹ کے حالیہ الیکشن میں ووٹ بیچنے کا الزام لگنے سے دلبرداشتہ ہوکر ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی شازیہ فاروق نے خودکشی کی کوشش کی تاہم ڈاکٹر ان کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق شازیہ فاروق شام کو ٹی وی پروگرام دیکھ رہی تھیں جس میں ایم کیو ایم کی جانب سے ان پر سینٹ الیکشن میں ووٹ بیچنے کا الزام لگایا گیا۔ اس دوران بار بار ان کی ویڈیوز اور تصاویر بھی دکھائی گئیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق رکن سندھ اسمبلی شازیہ فاروق نے تھوڑی دیر بعد خواب آور گولیاں کثرت سے کھالیں، جس سے ان کی حالت خراب ہوگئی، شازیہ فاروق کو فوری طور پر محلے میں واقع پٹنی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت کو تشویشناک ہونے پر ڈاکٹروں نے عباسی شہید اسپتال منتقل کرا دیا۔

عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق انہیں ایمرجنسی میں ہنگامی امداد دی گئی اوران کا معدہ صاف کیا گیا تاہم حالت خراب ہونے پر انہیں عباسی شہید ہسپتال کے میڈیکل وارڈ کے انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں داخل کر لیا گیا ہے اور جان بچانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کی ایم پی اے شازیہ بلدیہ ٹاون سے تعلق رکھتی ہیں،شازیہ کے شوہر فاروق دادا کو اس وقت کے ایس ایچ او ایئرپورٹ اور گزشتہ ماہ جعلی پولیس مقابلے کے الزام میں روپوش سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد نے 1996 میں  مبینہ پولیس مقابلے میں مارا تھا۔

ایم کیوایم کی جانب سے شہید کی بیوہ ہونے کے ـ’اعزاز‘ میں شازیہ فاروق کو رکن سندھ اسمبلی بنایا گیا تھا، گزشتہ دنوں سینیٹ الیکشن کے بعد شازیہ فاروق نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا،پارٹی قیادت نے پیر کو شازیہ فاروق سمیت پارٹی کے دیگر باغیوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

تازہ ترین