• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ناصر حسین شاہ

خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ناصر حسین شاہ

پاکستانی خواتین کو ترقی یافتہ ممالک کی خواتین کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے اور اقوام عالم میں ان کے مثبت کردار اور کار ہائے نمایاں کو اجاگر کرنے کے لئے ونڈر ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ تعلیم یافتہ ، ہنر مند،باصلاحیت اور ایسی با ہمت خواتین جو خود کو تعمیری اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل رکھنا چاہتی ہیں ان کے لئے ونڈرویمن ایسوسی ایشن کا قیام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر رکھے جانا ایک خوش آئند علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراطلاعات سندھ سیدناصر حسین شا ہ نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ونڈرویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ویژن پر عمل پیرا ہے اور خواتین کو برابری کی بنیاد پر ہر شعبہ زندگی میں یکساں مواقع اور مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جس کے لئے ہماری حکومت نے موجودہ اور گزشتہ ادوارمیں اہم قوانین بھی متعارف کروائے ہیں، ونڈرویمن ایسوسی ایشن کے قیام پر ادارے کے عہدیداران اور اراکین گورننگ باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انھوں نے حکومت سندھ کی جانب سے بھر پو حمایت اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے بانی شیخ راشد عالم نے کہا کہ ہم نے ونڈرویمن پروجیکٹ کی بنیاد 2011میں رکھی تھی اور گذشتہ 7سالوں کی جہدمسلسل کے بعد ہم اس مقام پر پہنچے ہیں کہ اس منفرد اور غیر معمولی اہمیت کے حامل پروجیکٹ کو بین الاقوامی طور پر متعارف کروانے اور پاکستانی خواتین کو اس کے ثمرات سے مستفید کرنے کے لئے اس منصوبے کو مکمل قانونی طور ایک باقاعدہ ادارے کی حیثیت میں تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا اس ادارے کا بنیادی مقصد پاکستانی خواتین کی پیشہ ورانہ مہارت کو بین الااقوامی معیار اور اصولوں کے تناظر میں ڈھالنے کے لئے انہیں دنیا کی بہترین نالج کوچنگ، کیریئر کونسلنگ اور لیڈر شپ ٹریننگ فراہم کرناہے تا کہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی انفرادی شناخت اور مستقل جگہ حاصل کر سکیں ۔

اس موقع پر انہوں نے ایسوسی ایشن کے اراکین کے لئے خصوصی ونڈر ویمن پری ولیج کارڈ کے اجراء اور نیشنل ڈائریکٹری آف ونڈر ویمن کو شائع کرنے کا اعلان بھی کیا۔

دریں اثناء تقریب کے آغاز پر خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن زورید رضا نے کہا کہ یہ ادارہ ایک آزاد اورقانونی حیثیت میں با اختیار قومی سطح کا پلیٹ فارم ہے۔تاکہ ہر سطح پر خواتین کی آواز کو اجاگر کرکے، ہر شعبہ زندگی میں خواتین کے مساوی حقوق کو یقینی بنانا اور ہر قسم کے سماجی و معاشرتی مسائل پر خواتین کی مضبوط وکالت کے لئے قائم کیا گیا ہے۔

بعدازاں انہوں نے ونڈرویمن ایسوسی ایشن کی پہلی اراکین گورننگ باڈی کے ناموں کا اعلان کیا۔جنہیں مہمان خصوصی نے اپنے دست مبارک سے ایسوسی ایشن کی دستاویز پیش کی۔اراکین گورننگ باڈی میں شگفتہ راشد،کیپٹن ترانہ سلیم،زینب انصاری،عنیزہ انعام حسین،صبا رخسانہ میر،کائنات منیر، ہما بخاری،عالیہ جمال،صبا منگی اور ارم طارق کے نام شامل ہیں ۔

تقریب کے اختتام پر وزیراطلاعات سندھ نے تمام مہمانوں کے ہمراہ عالمی یوم خواتین کے دن کے موقع پر کیک بھی کاٹا اور انہیں اس دن کی مبارکباد پیش کی۔

تازہ ترین