• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ میں ن لیگ اور پی ٹی آئی حامیوں میں ہاتھا پائی

سینیٹ میں ن لیگ اور پی ٹی آئی حامیوں میں ہاتھا پائی

سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی مہمانوں کی گیلری میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے حامیوں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاتھ پائی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللہ عباسی اور پی ٹی آئی کے ایم این اے حامد الحق کے درمیان ہوئی۔

عبداللہ عباسی اور ایم این اے حامد الحق مہمانوں کی گیلری میں گتھم گتھا ہوئے تو ایوان کے عملے اور لوگوں نے بیچ بچائو کرایا ۔


سینیٹ میں ن لیگ اور پی ٹی آئی رہنما کے درمیان لراٹی مہمانوں کی گیلری میں نعرے بازی کے دوران ہوئی، اس موقع پر ایک طرف سینیٹ کے نو منتخب چیئرمین سینیٹرز سے مبارکبادیں وصول کررہے تھے ۔

جیو نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وزیراعظم کے صاحبزادے عبداللہ عباسی کے بجائے ان کے ساتھ بیٹھے شخص کی پی ٹی آئی انجینئر حامد الحق سے ہاتھا پائی ہوئی۔

نعرے لگاتے ہوئے تحریک انصاف کے ایم این اے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور اپنے ساتھ بیٹھے شخص پر گر گئے اور اٹھتے ہی عبداللہ عباسی کے ساتھ بیٹھے لڑکے کا گریبان پکڑنے کی کوشش کی۔

عینی شاہدین کے مطابق ایم این اے حامد الحق جس لڑکے پر گرے وہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللہ عباسی کا مبینہ دوست بتایا جاتا ہے۔

تحریک انصاف کے ایم این اے نے بظاہر باڈی بلڈر معلوم ہونے والے لڑکے کو دانتوں سے کاٹنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ اس کوشش میں ناکام رہے۔

بعدازاں ایوان کے عملے اور وہاں موجود دیگر افراد نے بیچ بچا کرایا اور سیکیورٹی عملہ وزیراعظم کے صاحبزادے کو ایوان سے باہر لے گیا۔

سینیٹ کی کارروائی کے دوران مہمانوں کی گیلری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صاحبزادے عبداللہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ سینیٹ کی کاروائی دیکھنے کے لیے ایوان میں موجود تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سینیٹ میں ہونے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کیا لیکن سینیٹ میں ہونے والے ناخوشگوار واقعے وزیراعظم کے صاحبزادے عبداللہ شامل نہیں تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کس کی غلطی تھی اور کس کی نہیں، واقعے کا علم ہونے پر وزیر اعظم نے معزز رکن قومی اسمبلی جو مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے اُن سے معذرت کی ہے۔

تازہ ترین