• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن مجلس عمل کے صدر، لیاقت بلوچ جنرل سیکریٹری منتخب

فضل الرحمٰن مجلس عمل کے صدر، لیاقت بلوچ جنرل سیکریٹری منتخب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ مجلس عمل بحال ہوگئی اور مولانا فضل الرحمان مجلس عمل کے صدر جبکہ لیاقت بلوچ جنرل سیکرٹری منتخب کرلیے گئے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ایک پرچم تلے الیکشن لڑینگے، تمام جماعتوں کی برابری کی بنیاد پر نمائندگی ہے اور فیصلے بھی اتفاق رائے سے ہونگے۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل نے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن متحدہ مجلس عمل کے امیر ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ ایم ایم کے جنرل سیکرٹری ، جمعیت علمائے پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی ، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ، اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد نقوی اور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نائب صدور ، جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سیکرٹری اطلاعات ، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری ، جمعیت علمائے پاکستان کے محمد خان لغاری ، مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے شفیق پسروری اور اسلامی تحریک پاکستان کے علامہ عارف حسین وحیدی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کے علامہ شبیر میثمی مرکزی سیکرٹری مالیات ہوں گے ۔ ان کی سربراہی میں مالیات کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ پروفیسر علامہ ساجد میر کی سربراہی میں منشور کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں مرکزی کنونشن ہو گا ، جس میں منشور اور آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا ۔اس موقع پر ایم ایم اے کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات متحدہ مجلس عمل کے ایک ہی پلیٹ فارم سے ، ایک منشور ، ایک نشان ، ایک جھنڈے اور ایک دستور کے تحت لڑا جائے گا ۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد سینٹرل میں منشور اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

تازہ ترین