• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے خلاف جنگ، جیو کے ایک ارب ہرجانہ کیس کی سماعت آج

عمران کیخلاف جنگ،جیو کے ایک ارب ہرجانہ کیس کی سماعت آج

اسلام آباد (عاصم جاوید ، اویس یوسف زئی) جھوٹے ، من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگانے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف جنگ جیو گروپ کی جانب سے دائر ایک ارب روپے ہرجانہ کیس کی تیسری سماعت آج ہوگی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد سکندر خان مقدمے کی سماعت کریں گے۔ ابتدائی سماعت پر نوٹس کے اجراءکے بعد عمران خان 9 مارچ کو مقدمے کی دوسری سماعت پر خود پیش ہوئے نہ کسی وکیل کو پیروی کے لئے عدالت بھجوایا۔ ماضی میں بھی عدالتوں میں دائر مختلف مقدمات میں عمران خان آنے سے کتراتے رہے اور بعد میں انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑا۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان یا ان کا کوئی وکیل آج عدالت کے روبرو پیش ہوتا ہے یا نہیں۔واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 2014ءسے عوام کی نظروں میں جنگ جیو گروپ کو بدنام کرنے اور اس کی ساکھ کو متاثر کرنے کیلئے مختلف الزامات عائد کرتے چلے آ رہے ہیں۔ عمران خان نے گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کو بلیک میلر ، فرعون اور میڈیا گاڈ فادرقرار دیا اور مالی مفادات کے لئے پاکستان اور بھارت میں امریکی ایجنڈا پورا کرنے کے الزاما ت لگائے۔ عمران خان نے جنگ گروپ کی حب الوطنی کے حوالے سے شکوک پیدا کرنے کی بھی کوشش کی۔ انہوں نے جنگ جیو گروپ پر نواز اور حکومت سے رقم اور اشتہارات لینے کے بھی الزامات عائد کئے۔ عمران خان کا مقصد جنگ جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن اور ادارے سے منسلک صحافیوں کو متنازع اور جانبدار بتانا ہے۔ جنگ جیو گروپ کے خلاف اسی قسم کے الزامات نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نے بھی لگائے تھے تاہم برطانوی عدالت میں وہ ثابت نہ کر سکے۔ پاکستان میں بھی ان کے خلاف اسی نوعیت کا مقدمہ زیر سماعت ہے۔ جنگ جیو گروپ نے پہلے معزز شہریوں پر مشتمل کمیٹی کے ذریعے الزامات کی جانچ کے لئے خود کو پیش کیا مگر عمران خان نے الزامات کا سلسلہ جاری رکھا۔ بعد ازاں عمران خان کو لیگل نوٹس بھی دیا گیا جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ جنگ جیو گروپ کی جانب سے دائر دعویٰ میں عمران خان سے علی الاعلان معافی مانگنے ، اس کی تشہیر کو یقینی بنانے اور ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

تازہ ترین