آجکل ٹیٹو یعنی بدن پر نقش ونگار کندہ کرواناہر کوئی پسند کرتا ہے۔راک سٹار، اسپورٹس سٹار، فیشن ماڈلز اور مووی سٹارز انکی نمودونمائش کرنا پسند کرتے ہیں۔بہت سے نوجوانوں نے اسی روش کو اپناتے ہوئے بڑے فخر سے اپنے کندھوں، ہاتھوں،کمر اور ٹخنوں پر نقش ونگار کندہ کروائے ہیں۔
ہالی ووڈ ہو یا بالی ووڈ‘ فلم انڈسٹری میں جسم پر ٹیٹوز بنوانے کا فیشن خاصا مقبول ہوگیا، کسی سے اظہار محبت کیلئے بدن پر ٹیٹو کھدوانا فیشن بن گیا ہے،بالی ووڈ میں اس کی ابتداء چھوٹے نواب نے کی، جنہوں نے اپنی لیڈی لو کرینہ کپورکا ٹیٹو بازو پر بنوایا تھا، بعدازاں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کئی حسیناؤں نے ٹیٹوز بنواڈالے، جن میں نازک اندام دیپکا کواپنے محبوب رنبیر کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے اس تکلیف دہ مرحلے سے گزرنا پڑا اور اپنی گدی پر اپنے محبوب کے نام کے ابتدائی حروف آر کے کھدوائے ہیں لیکن رنبیر نے ان کی محبت کا جواب نہ دیا، تو دیپکا نے اسے تبدیل کرا کے’’ تیس مارخان‘‘ کے ٹیٹو میں تبدیل کرلیا۔
اپنے دوستوں سے اظہار محبت کے علاوہ یہ ٹیٹوز اب فلموں کی پروموشن کیلئے استعمال ہونے لگے ہیں،جن میں اکشے کمار، عمران ہاشمی اور دیگر اداکار شامل ہیں،حالیہ فلموں میں اجے دیوگن کو ہی دیکھ لیجئے جو اپنی فلم ’’گول مال‘‘ میں بازو پر ٹیٹو دکھاتے پھرے، جبکہ فلمی دنیا کے ڈان سنجے دت اپنے ٹیٹوز کی وجہ سے بے حد مشہور ہوئے، ان کی دیکھا دیکھی ڈان ٹو اپنی شان دکھانے کیلئے شاہ رخ نے بھی ٹیٹو کا سہارا لیا، ہالی ووڈ میں ٹیٹوز کا فیشن اب کم ہی ہے لیکن ہالی ووڈاداکارہ انجلینا جولی اپنے پورے جسم پر چودی ٹیٹوز کھدوا کر سب سے زیادہ ٹیٹوز بنوانے والی اداکارہ بن گئیں، انجلینا جولی نے ٹیٹوز میں اپنی فیملی ممبرزکے نام اور بچوں اور بریڈ پٹ کے جائے پیدائش کا نقشہ کھدوا لیا۔
ڈیوڈ بیکہم
فٹ بال کے معروف کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم کو ٹیٹوز بنوانے کا جنون تو پہلے سے ہی ہے لیکن اب اس میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ انتالیس سالہ فٹ بالرنے اپنے دائیں ہاتھ پر ایک نیا ٹیٹو کندہ کرایا ہے جو مشہور سنگرز جے زی اور بیونسے کے کنسرٹ کے اقوال ’’ڈریم بگ اور بی ان ریلسٹک‘‘پر مشتمل ہے۔ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ نے اگست میں روز باؤل میں ہونے والے اس کنسرٹ میں شرکت کی تھی جس کے بعد وکٹوریہ نے ان اقوال پر مشتمل ٹوئٹ بھی کیا تھا۔ گزشتہ روز لگژری مینز ویئر اسٹور بیلسٹف پر ایک بک سائننگ ایونٹ کے دوران بیکہم اپنا نیا ٹیٹو منظر عام پر لے آئے۔
ویرات کوہلی
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ایک عجیب وغریب انسان ہیں اور اوہام پرستی پر یقین بھی رکھتے ہیں ۔کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ایک چائینز پراسرار علوم کے ماہر سے مشورہ کرکے اپنے جسم پر ایسے ٹیٹوز بنوا رکھے ہیں جو ااُن کی قوت اور ہمت میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں ۔شاید ہی کسی کویقین ہو کہ کوہلی بنیادی طور پر وہم کامارا ہواانسان ہے۔وہ اپنے سٹائل کی وجہ سے بھی شہرت رکھتے ہیں ۔ان کا نیچرل سٹائل کیا ہے؟ کہتے ہیں ” میں اگریسو ہوں اور اسکا ثبوت میرے یہ ٹیٹوز ہیں“ ویرات کوہلی نے اپنے دونوں بازو ¿وں پر ٹیٹوز بنوا رکھے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے مزاج اور شخصیت کے مطابق ٹیٹوز کھدوائے ہیں۔
ان کے بائیں شولڈر سے نیچے ایک چائینیز سیمورائی ٹیٹو ہے جو جنگجویانہ علامت رکھتا ہے۔کوہلی کا کہنا ہے ”میں ٹیٹو پسند کرتا ہوں اس لئے کہ میں جنگجو ہوں“ پاکستان سے چیمپیئن ٹرافی ہارنے والے کپتان میں اوہام پرستی بھی فیشن کا درجہ رکھتی ہے جس کی علامت ان کے یہ ٹیٹوز ہیں جن سے وہ بہت پیار کرتے ہیں۔ ان ٹیٹوز کی زبان سمجھنے والے ویرات کوہلی کی طبیعت کا بھی اندازہ کرسکتے ہیں ۔
دوسرے بازو کی اوپری جانب ان کے برج عقرب کے مطابق بچھو کا ٹیٹو بنا ہوا ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ وہ بڑے بہادر،خودپسند،جارحانہ اور گرم مزاج طبیعت کے مالک ہیں۔ان کے بائیں بازو پر ہی قبائلی طرز کا ایک ٹیٹو بھی بنا ہوا ہے جو اسرار ورموز میں دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔دیکھا جائے تو ویرات کوہلی نے اپنے جسم پر ہی ایک زائچہ ٹیٹوز کی صورت کھدوا رکھا ہے اور یہ سب چائینزعلوم کے مطابق بنا ہوا ہے۔
انجلینا جولی
معروف امریکی اداکارہ انجلینا جولی کی نئی تصاویر میں پہلی مرتبہ اُن کی پیٹھ پر عجیب اور انوکھے طریقے کے ٹیٹو بنے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق جولی کو جسم گدوانے کا بے پناہ شوق رہا ہے تاہم یہ نئے ٹیٹو بڑی حد تک پیچیدہ نظر آتے ہیں جن کو تھائی لینڈ کے مشہور سابق راہب Ajarn Noo Kanpai نے گودا ہے۔
انجلینا جولی فروری 2016 میں اپنی فلم First They Killed My Father کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں کمبوڈیا میں تھی۔ عکس بندی میں وقفے کے دوران وہ اپنے گھر والوں کے تفریح کی غرض سے تھائی لینڈ چلی گئی تھیں جہاں انہوں نے یہ ٹیٹو بنوائے۔اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولی نے یہ ٹیٹو اپنے سابق شوہر بریڈ پِٹ کے ساتھ شادی کو برقرار رکھنے کے واسطے بطور علامتی تعویذ بنوائے تھے۔ بریڈ پٹ نے خود بھی مذکورہ راہب سے اسی طرح کے ٹیٹو اپنے جسم پر بنوائے تھے۔
انگلینڈ کے سٹار بلے باز کیون پیٹرسن اپنی جارحانہ بیٹنگ اور طبعیت کی وجہ سے خاص شہرت رکھتے ہیں۔ ان کی وجہ شہرت میں ان کا مختلف ٹیٹو بنوانا بھی شامل ہے۔ کیون پیٹرسن نے اب ایسا کیا کہ جو پرستاروں کے لیے بہت دلچسپ اور معلوماتی ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی نمائندگی سے محروم کیون پیٹرسن نے اپنے جسم پر ایک منفرد ٹیٹو بنوایا ہے جو ان کی چھاتی سے شروع ہو کر کمر تک پھیلا ہے۔
کہنے کو تو یہ دنیا کا نقشہ ہے لیکن اسے سکور بورڈ بھی کہا جا سکتا ہے۔ یعنی اس ورلڈ میپ میں بتیس سرخ ستارے بنائے گئے ہیں جو ان کی 23 ٹیسٹ اور 9 ون ڈے سنچریوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ٹیٹوز کی تاریخ
ٹیٹو بنوانا کوئی جدید فن نہیں ہے۔ ٹیٹو والی مصری اور لبنانی ممیز ملی ہیں جو مسیح سے ہزارہا سال پہلے کی ہیں۔ ٹیٹوزدہ ممیاں جنوبی امریکہ میں بھی دریافت ہوئی ہیں۔ بہت سے ٹیٹوز کا تعلق براہ است غیرقوم دیوتا کیساتھ تھا۔ محقق سٹیو گلبرٹ کے مطابق،ابتدائی مشہور ٹیٹو جو مجرد نمونے کی بجائے کسی چیز کی تصویر ہے، دیوتا بس کی نمائندگی کرتا ہے۔ مصری اساطیر میں بس عیش ونشاط کا دیوتا ہے۔
احتیاط
آپکو طبّی نقصانات کے سلسلے میں بھی احتیاط برتنی چاہئے۔ ایک جلد کے ایسوسیایٹ پروفیسر ڈاکٹر رابرٹ ٹامسک کے مطابق ’’آپ اپنی جِلد میں سوراخ کرکے اُس میں کوئی رنگدار مواد داخل کر دیتے ہیں۔اگرچہ سوئی زیادہ گہری نہیں جاتی توبھی جب کبھی بھی آپ اپنی جلد میں کوئی سوراخ کرتے ہیں تو جراثیم یا زہریلے مادّوں کا جِلد کے اندر جانے کا خطرہ رہتا ہے۔
میرے خیال میں اپنے بدن پر نقش کندہ کروانا خطرے سے خالی نہیں ہے۔‘‘ ڈاکٹر ٹامسک مزید بتاتے ہیں کہ جب جِلد کے اندر کوئی رنگدار مواد داخل کر دیا جاتا ہے تو اگرچہ کوئی انفیکشن تو نہیں ہوتا توبھی خارش، سوزش اور جِلد میں خارجی مادّے کے داخلے کے اثر سے جِلد سرخ، وَرم اور پپڑی اور خارش زدہ ہو سکتی ہے۔