مشہور کہاوت ہے، ’’وہ آیا، اس نے دیکھا اور اس نے فتح کرلیا‘‘۔ جنسی تفریق سے بالاتر ہوکر، اگر یہ بات ’’آنکھ‘‘ مار کر دنیا کو اپنے سحر میں مبتلا کردینے والی پریا پرکاش کے بارے میں کہی جائے تو کچھ اس طرح کہی جائے گی۔ ’’وہ آئی اور اس سے پہلے کہ وہ دیکھتی اور دنیا فتح کرتی، دنیا پہلے ہی اس پر فدا ہوچکی تھی‘‘۔
پریا پرکاش ’’ون ٹائم ونڈر‘‘ بھی نہیں کہ لوگ اتفاقیہ طور پر ا س کی آنکھ مارنے کی ادا کے دیوانے ہوگئے، اور کچھ دیر بعد جب ہوش سنبھالا تو پوچھنے لگے کہ یہ کیا تھا؟ اس لڑکی میں کچھ خاص ضرور ہے۔ آنکھ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد، اس کی عام زندگی کی عام سی تصاویر بھی منظرعام پر آئیں۔ سانولی رنگت، ضرورت سے زیادہ دبلی پتلی، عام سی شخصیت۔ لیکن ’’پریا‘‘ کا ’’سحر‘‘ تھا کہ تھمنے کو ہی نہیں آرہا تھا۔ ایک اور ویڈیو کا اجرا اور ایک اور وائرل ویڈیو، ایک فوٹو شوٹ کی تصویر انسٹاگرام پر آنا اور اس پر Likes اور Shares کا تانتا بندھ جانا۔یہ لڑکی تو بالکل جادوئی اور دیومالائی خصوصیات رکھنے والی ہے۔
شاید ہی دنیا میں کبھی ایسا ہوا ہو کہ کسی لڑکی کے آنکھ مارنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہو اور وہ کسی Case Studyکی حیثیت اختیار کرجائے۔ بھارتی ریاست گجرات کے شہر ’’وڈوڈارا‘‘ کی ٹریفک پولیس نے ٹریفک آگہی کے لیے پریا پرکاش کی آنکھ مارتی تصویر کو ہی سب سے مؤثر ذریعہ پیغام بناڈالا ہے۔
وڈوڈارا ٹریفک پولیس نے نوجوانوں کو ڈرائیونگ میں احتیاط کا مشورہ دینے کے لیے پریا پرکاش کی آنکھ مارتی تصویر کا اسکیچ خوبصورتی سے استعمال کیا ہے۔ ’’ایکسیڈنٹس ہیپن اِن دا Winkآف این آئی‘‘۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وڈوڈارا ٹریفک پولیس کی یہ مہم بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔
اس سے پہلے کہ پریاپرکاش کے بارے میں مزید حیران کن انکشافات آپ کے ساتھ شیئر کریں، آئیے پہلے یہ جان لیتے ہیں کہ یہ پریا پرکاش آخر ہے کون؟ اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ اگر آپ اکیسویں صدی میں جیتے ہیں، سوشل میڈیا سے واقفیت رکھتے ہیں، تو پریا پرکاش وارئر کا نام تو آپ نے سنا ہی ہوگا۔ اس نے ایک پلک کیا جھپکائی، سوشل میڈیا کی دنیا میں انقلاب آگیا۔ پریا پرکاش کی عمر ابھی 18سا ل ہے۔
وہ بھارت کی ملیالیم فلم انڈسٹری میں ’اورو آدھار لو‘ نامی فلم سے ڈیبیو کرنے والی ہے۔ پریا کی یہ فلم ابھی ریلیز ہونا باقی ہے، لیکن اس کی دلکش مسکراہٹ اور اداؤں نے سوشل میڈیا پر دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کا ایک لشکر کھڑا کردیا ہے۔ آج کل زیادہ تر جنگیں سوشل میڈیا پر ہی لڑی جاتی ہیں۔یہ ویڈیو جاری ہونے سے پہلے شاید ہی کوئی پریا پرکاش نامی اس عام سی لڑکی سے کوئی واقف تھا۔
تاہم اب صورت حال یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر اس کے چاہنے والوں کی تعداد راتوں رات بھارت سمیت دنیا کے بڑے بڑوں سے آگے نکل گئی ہے۔ انسٹاگرام پر بھارتی سپراسٹار امیتابھ بچن کے فالورز کی تعداد بیاسی لاکھ ہے۔ ایک ہی ماہ میں پریاپرکاش کے فالورز کی تعداد ترپن لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
بہت ناانصافی ہے، ایک طرف پچاس سال کا کیریئراور دوسری طرف پہلی ریلیز کا انتظار۔ امیتابھ بچن بھی سوچ رہے ہوں گے، پچاس سال کی محنت کا کیا فائدہ، کاش وہ بھی پریا پرکاش کی طرح ایک آنکھ مارسکتے اور دنیا جہاں کی لڑکیوں اور عورتوں کو اپنا دیوانہ بنا لیتے۔
ڈی این اے انڈیا کے مطابق، پریا پرکاش دنیا کی تیسری شخصیت بن گئی ہے، جن کے ایک دن میں انسٹاگرام پر 6 لاکھ سے زائد فالورز بنے۔ اس سے قبل امریکی ماڈل کایلی جینر اور پرتگال کے فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو ہی وہ واحد شخصیات تھیں، جن کے ایک دن میں انسٹاگرام پر6 لاکھ یا اس سے زائد فالورز بنے۔
اس فہرست میں کایلی جینر اب تک سب سے اوپر ہے، جس کے ایک دن میں8 لاکھ 50 ہزار فالورز بنے تھے، دوسرے نمبر پر کرسٹیانو رونالڈو ہیں، جن کے ایک دن میں 6 لاکھ 50 ہزار فالورز بنے تھے۔ پریا پرکاش وارئر کے ایک دن میں 6 لاکھ 30 ہزار فالورز بنے۔
پریا پرکاش کے فیس بک فرینڈز ڈھائی لاکھ سے تجاوز کرگئے ہیں جب کہ ٹوئٹر پر درجنوں اکاؤنٹس پریا وارئر کا اصلی ٹوئٹر ہینڈل ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ سب میں فالورز کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
پریا پرکاش شہرت کی اس قدر بلندی پر پہنچ چکی ہے کہ اب اس سے متعلق سوالا ت امتحانات کا حصہ بننے لگے ہیں۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ممبئی میں ہونے والے مڈٹرم امتحانات میں پریاپرکاش سے متعلق سوال مشین لرننگ کورس کے پرچے میں پوچھا گیا۔
بھارتی خبر ادارے کے مطابق، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طالب علموں نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ایک طالب علم نے بتایا کہ انہیں پرچے میں پریا پرکاش وارئر کا نام دیکھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی کیونکہ پروفیسر امیت سیٹھی اپنا کورس پڑھانے اور امتحان کو دلچسپ بنانے کے لئے انٹرنیٹ پر مشہور ’میمز‘ سے متعلق بات چیت کرتے رہتے ہیں۔
ایک آنکھ مارتے ہی پریا پرکاش کی زندگی تو بدل گئی ہے اوراس کی دوسری پلک کا جھپکنا ابھی باقی ہے۔
پریا پرکاش کس کی بیٹی ہے؟
پریاپرکاش سے متعلق جو بات سوشل میڈیا پر آتی ہے، وہ وائرل ہوجاتی ہے۔ کسی نے بالی ووڈ اداکار اشیش ودیارتھی کی تصویر پریا پرکاش کے ساتھ اپ لوڈ کردی۔ تصویر میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اشیش، پریا کے باپ ہیں۔ یہ خبر غلط ہے۔
پریا کے باپ پرکاش وارئر بھارت کے سینٹرل ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں ملازم ہیں، ماں ’’ہوم میکر‘‘ ہے، جب کہ پراسدھ وارئر نامی اس کا ایک چھوٹا بھائی بھی ہے۔