• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہتر میٹا بولزم....صحت مند زندگی کی ضمانت

بہتر میٹا بولزم....صحت مند زندگی کی ضمانت

قدرتی چیزیں انسانی حیات اور دنیا کے لیے سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہیں۔ ہرچند کہ، میڈیکل سائنس میں بے شمار ترقی کی بدولت ایسی چیزیں بھی موجود ہیں، جو انسانی جسم اور حیات کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں، لیکن قدرتی اشیاء کا کوئی چیز مقابلہ نہیں کرسکتی۔ 

وزن کا بڑھنا ہر شخص کے لئے پریشانی کا باعث بنتا ہے، اور اسی وجہ سے لوگ کھانے پینے کی چیزوں میں احتیاط کرتے ہیں کہ وہ کوئی ایسی چیز نہ کھائیں جو وزن میں اضافے کاباعث بنے اور ساتھ ہی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو۔ ہم میں سے متعدد لوگ سست میٹابولزم (جسمانی و خلیاتی کیمیائی تبدیلیوں کا مجموعہ) کا شکار ہوتے ہیں اور یہ چیز وزن گھٹانے میں مشکلات پیدا کرنے کے ساتھ وزن بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔ 

سستی روی کا شکار میٹابولزم آپ کو جلد اکتاہت اور تھکاوٹ کا شکار کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے آپ زندگی سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز نہیں ہو پاتے۔ یہاں ہم آپ کو میٹابولزم کو قوت بخشنے کے چند قدرتی طریقوں سے روشناس کرواتے ہیں۔

صبح سویرے ورزش:صبح سویرے ورزش، میٹابولزم پر حیران کن اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ معروف برطانوی ماہر ڈاکٹر اوزیڈ میٹابولزم کو تیز کرنے کے اس طریقہ کی حمایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ صبح سویرے صرف5 منٹ کی سخت ورزش کے فوائد آپ کو سارا دن موصول ہوں گے۔

پانی: میٹابولزم کو توانا بنانے میں پانی جادوئی اثر رکھتا ہے، کیوں کہ میٹابولزم کے عمل کو پانی کی بطور ایندھن خاصی ضرورت ہوتی ہے۔

ناشتہ کبھی مت چھوڑیں: بدقسمتی سے دور جدید کی تیز رفتار زندگی میں، ہم میں سے کئی لوگ ناشتے کو قربان کر دیتے ہیں، حالانکہ ایسا کرنا میٹابولزم کو انتہائی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، لہٰذا ناشتہ ضرور اور روزانہ کریں۔

انڈے کی سفیدی:انڈے میں پروٹین، وٹامن ڈی اور امینو ایسڈ پایا جاتا ہے۔اس وجہ سے یہ میٹابولزم کے لیے بہتر ہے۔

بغیر چربی والا گوشت:گوشت میں آئرن پایاجاتا ہے۔ آئرن کی وجہ سے گوشت انسانی جسم کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

ہری/ثابت /سرخ مرچ: زیادہ ترلوگ مرچوں کو پیٹ کے لیے خطرناک سمجھتے ہیں، تاہم مرچوں میں وٹامن ’سی‘ پائی جاتی ہے، جو انسانی صحت کے لیے لازمی ہے۔

بلیک کافی/ گرین ٹی: بلیک کافی اور گرین ٹی میں پائے جانے والے اجزاء ’میٹابولزم‘ کے نظام کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

دودھ: دودھ جہاں انسانی جسم کو خوبصورت بنانے میں کردار ادا کرتا ہے، وہیں یہ ہڈیوں کو بھی مضبوط کرتا ہے۔

گندم سے بنی غذائیں:گندم کے آٹے سے بنی غذائیں، جیسے ڈبل روٹی اور دلیہ وغیرہ فائبرسے بھرپور ہوتے ہیں ، جو انسانی جسم کے لیے لازمی خوراک مانے جاتے ہیں۔

دالیں:سبزیوں کی طرح دالیں بھی ’میٹابولزم‘ کے لیے بہترین ہوتی ہیں، تاہم مسور کی دال میں آئرن پائی جاتی ہے، اس لیے وہ سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔

دار چینی: ماہرین کے مطابق دارچینی میٹابولزم کوتیزکرتی ہے۔ا س میں موجود تولید حرارت کی خصوصیات سے روزانہ صرف ایک چوتھائی چمچ دارچینی کے استعمال سے آپ کے جسم کی اضافی چربی تیزی سے ختم ہوسکتی ہے۔

پالک: پالک میٹابولز بڑھاکر 30% زیادہ تیزی سے کیلوریز جلاتی ہے۔پالک کی طرح دیگر گہرے ہرے پتوں کی سبزیاں جو فائبراور آئرن کاخزانہ ہوتی ہیں، وہ میٹابولزم کے عمل کوتیز کرنے میں معاون رہتی ہیں۔

چکوترا: چکوترا میں موجود فائبر میٹابولزم کوبڑھاتے ہیں۔انسولین کی کم مقدار کے باعث یہ وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتاہے۔ اس میں موجود تمام جز وٹامن’سی‘ سمیت میٹابولزم کوتیزکرتے ہیں۔

بادام: بادام، میٹابولزم اور جسم کی توانائی کوبڑھاتے ہیں۔لیکن بہت زیادہ استعمال نہ کریں۔بادام کے بیش بہافوائد جسمانی صحت کوفروغ اورمیٹابولزم تیز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مچھلی: مچھلی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایاجاتاہے، جو میٹابولزم کودوگنا تیز کرتاہے۔یہ جسم کی سوزش اوراسٹریس ہارمون کوکم کرتاہے۔جو چربی جمع کرنے کاسبب بنتے ہیں۔

بینز: بینز کااستعمال میٹابولزم کوتیز کرنے میں بے حد مفیدہے۔جب آپ پروٹین کا استعمال روزمرہ زندگی میں بڑھاتے ہیں تو کیلوریز خودبخود جلنے لگتی ہیں۔

بیریز: ویسے توتمام پھل ہی اچھے ہوتے ہیں۔لیکن بیریز اینٹی آکسیڈنٹ سے لبریز ہوتی ہیں، جیسے وٹامن’ سی‘۔اسی لیے دیگر پھلوں کی نسبت بیریز زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

یخنی: پروٹین ،منرل اورکولیجن پر مشتمل ہونے کی وجہ سے یخنی جلدہضم ہوکر آپ کی صحت میں اضافہ کرکے میٹابولزم کوتیز کرتی ہے۔اس کے مستقل استعمال سے جسم میں چربی جمع ہونے کاعمل رک جاتاہے۔

تخمِ بلنگا: تخمِ بلنگا،فائبر ،پروٹین اوراومیگاتھری سے لبریز ہوتے ہیں۔جب یہ تینوں اجزاء ساتھ مل کر آپکے جسم میں داخل ہوتے ہیں تو مزید تیزی سے کام کرتے ہیں۔

چاکلیٹ: چاکلیٹ کے شائقین کے لیے یہ یقیناًخوشی کی بات ہوگی ۔ڈارک چاکلیٹ آپ کے میٹابولزم کوتیز کرتی ہے۔لیکن بہرحال کسی بھی چیز کو اعتدال میں رہ کرہی استعمال کرناضروری ہے۔

سیب کاسرکہ: میٹابولزم تیز کرنے کے لیے جاناجاتاہے ۔سیب کے سرکہ میں اگر تھوڑا لیموں کارس،شہد اورچٹکی بھردار چینی پاؤڈر ملاکرپی لیں تو یہ میٹابولزم کوتیزکرکے کیلوریز جلاتاہے۔

تازہ ترین