• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ کا اسمبلی اجلاس طلب کرنا قانوناًدرست نہیں، مراد علی شاہ

گورنر سندھ کا اسمبلی اجلاس طلب کرنا قانوناًدرست نہیں، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ گورنر سندھ کی جانب سے سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا قانوناً درست نہیں ہے، آرٹیکل 105 گورنر کے اختیارات کیلئے بالکل واضح ہیں۔

سندھ اسمبلی میں سندھ یونیورسٹیز ایکٹ پر گورنر سندھ کے اعتراضات پر وزیراعلیٰ سندھ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ اسمبلی کا سیشن طلب نہیں کرسکتے ان کے پاس اجلاس بلانے کا اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کے پاس اسمبلی اجلاس بلانے کا اختیار نہیں، گورنر صاحب ہم سب کو طلب کرلیتے ہم حاضر ہوجاتے،وہ اسمبلی کا سیشن بھی طلب نہیں کرسکتے، وائس چانسلر ان سے چھٹی لیکر چلے جاتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ اسمبلی میں ہم قواعد و ضوابط کے مطابق قانون سازی کرتے ہیں،طاقت اسمبلی کی ہے، آئین کے تحت ہم نے قانون بنانا ہے، ہم نے کسی ایک شخص کو طاقتور بنانے کیلئے قانون نہیں بنانا،وائس چانسلر کی میرٹ پر بھرتیاں کی گئیں، اچھے شخص کو وائس چانسلر بنایا تو پھر معاملات اس پر چھوڑ دینے چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبہ میں نئی جامعات کھولیں، ہم نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن بنائی اور سندھ میں یونیورسٹیز بہتر کام کررہی ہیں، اصل طاقت اسمبلی ہے، اسمبلی جوبھی قانون سازی کرے گی وہی قانون ہوگا،۔

انہوں نے اٹھارہویں ترمیم سے متعلق اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ہم نے 18ویں ترمیم پاس کی، صوبوں کو اختیارات دیئے اور آجکل 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی بات کی جارہی ہے، اٹھارہویں ترمیم کے پیچھے جو ہیں ہمیں معلوم ہے، عوام نے 18ویں ترمیم کی مخالفت کرنے والوں کو مسترد کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں یونیورسٹیز کو سالانہ اربوں روپے دیے جاتے ہیں کیونکہ جامعات بہتر تعلیم دیتی ہیں،این ای ڈی یونیورسٹی کی مثال سامنے ہے، جس کا شمار دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں ہوتا ہے۔

انہوں نے ایک رکن اسمبلی کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم خیبر پختون خواہ حکومت کی طرح مولانا سمیع الحق کے مدرسے کی مالی معاونت نہیں کرتے، جب کہنے کو کچھ نہیں ہوتا تو پولیس ریفارمز کی بات کی جاتی ہے، آپ (خیبرپختونخوا) کے پاس پولیس ریفارمز کےعلاوہ کہنے کو اور کیا ہے،ہم نے سندھ میں پبلک سیکٹر اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کو یکجا کرکے بہترین تعلیمی ادارے بنائے ہیں۔

تازہ ترین