• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن ،دیگرملزمان کو ضمانت کے حصول کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنیکی ہدایت

شرجیل میمن ،دیگرملزمان کو ضمانت کے حصول کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرنیکی ہدایت

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے سندھ کےسابق وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ودیگرملزمان کے خلاف سرکاری فنڈز کے استعمال میں بے ضابطگیوں سے متعلق بدعنوانی کے نیب ریفرنس میں ملزمان کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواستیں واپس لئے جانے کی بناء پر نمٹا تے ہوئے انہیں طبی بنیادوں پر ضمانت کے حصول کیلئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے ،جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہرعالم خان میاں خیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جمعرات کے روز ملزم شرجیل انعام میمن وغیرہ کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی تو ملزمان کی جانب سے لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ ، افتخار گیلانی ایڈووکیٹ اور فیصل صدیقی ایڈووکیٹ پیش ہوئے ، لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ ان کا موکل صوبائی وزیر اطلاعات تھا اور اور قانون و ضابطہ کے عین مطابق فنڈز جاری کئے گئے تھے،انہوںنے کہا کہ دہشتگردی اور بم دھماکوں کی وجہ سے لوگوں نے گھروں سے باہر نکلنا چھوڑ دیا تھا،بچوں کو سکولوں میں بھجواتے ہوئے ڈرتے تھے اور دنیا میں پاکستان کا تشخص بری طرح مجروح ہورہا تھا ،جسے ٹھیک کرنے کے لئے سندھ فیسٹیول منعقدکرایا گیا تھا ، جس پر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ریمارکس د یئے کہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیں، معاشی دہشتگردی نہیں ہونی چاہیئے،فاضل وکیل نے کہا کہ نیب نے بدنیتی سے ان کے موکل کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے صرف اس کے دو سالہ معیاد سے ہی متعلق تحقیقات کی ہیں ، حالانکہ وفاق اور چاروں صوبوں میں بھی آگہی کے لئے اشتہارات جاری کئے جاتے ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی اسی بنیاد پر سپریم کورٹ نے 50لاکھ روپے واپس کرنے کا حکم جاری کیا ہے ، انہوںنے کہا کہ میرے موکل نے کسی بھی جگہ قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے جو اشتہارات دیئے گئے تھے وہ قانون کے مطابق تھے،لیکن نیب کا میرے موکل کے معاملے میں دوہرا معیار ہے ،ہمارے ریٹ بھی باقی صوبوں کی طرح ہی تھے ،اگر کسی اشتہاری کمپنی نے 15فیصد سے زیادہ لیا ہے تو وہ اس کا اور متعلقہ میڈیا ہائوس کا معاملہ ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ ہم اس پر کوئی رائے نہیں دے رہے ،عدالت نے صرف دیکھنا ہے کہ کوئی بے ضابطگی ہوئی ہے یا نہیں ؟جسٹس آصف سعید کھوسہ نے لطیف کھوسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جو حقائق ہمارے سامنے آئے ہیں اگر وہ ہم نے ضمانت کے فیصلے میں لکھ دیئے تو آپ کے موکل کا بہت نقصان ہوگا،اس لئے مناسب ہوگا کہ آپ طبی بنیادوں پر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کریں، بعد ازاں فاضل عدالت نے ملزمان کے وکلاء کی جانب سے درخواستیں واپس لئے جانے کی بناء پر نمٹادیں۔

تازہ ترین