• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سندھ کی جانب سے پرائمری جماعتوں کیلئے نئی تعلیمی اسکیم متعارف

حکومت سندھ کی جانب سے پرائمری جماعتوں کیلئے نئی تعلیمی اسکیم متعارف

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی خودمختاری کو عملی جامہ پہناتے ہوئے محکمہِ اسکول تعلیم و خواندگی کی جانب سے یو ایس ایڈ کی مالی مدد سے چلنے والےپاکستان ریڈنگ پروجیکٹ کے تعاون سے پرائمری (بچپن کی ابتدائی تعلیم سے پانچویں جماعت تک) پڑھائی کی نئی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ مذکورہ اسکیم بچوں کی عمر اور ان کے مضامین کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہے۔ جس کے تحت بچوں کی ابتدائی جماعتوں (یعنی یکم، دوئم اور سوئم) میں انفارمیشن ٹیکنالاجی اور بنیادی ہنروں کے ساتھ ساتھ پڑھائی اور سیکھنے کے وقت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جب کہ چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلباء میں بچوں کی لکھائی پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے لکھنے کے وقت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زبانوں (آسان سندھی اور آسان اردو) کو سیکھنے کے لئے بھی قت مختص کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ اسکیم کا عمل ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم، اسیسمینٹ اینڈ ریسرچ (DCAR) اور کریکیولم ونگ کی زیر نگرانی میں شروع کیا گیا تھا۔ جب کہ محکمے کی جانب سے ابتدائی طور 21 ارکان (جس میں سینیئر ایجوکیشن مینیجر، سبجیکٹ اسپیشلسٹس، پرائمری اسکولوں کے اساتذہ اور سینیئر تعلیمی ماہرین بھی شامل ہیں) پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔ جس کے بعد مذکورہ کمیٹی کے ارکان اور تعلیمی ماہرین کی معلومات کے لئے متعدد ورکشاپس بھی منعقد کیے گئے تھے۔ جب کہ مسودے کی حتمی منظوری سے قبل اس کو کریکیولم کونسل میں بھی پیش کیا گیا تھا۔ياد رہے کہ مذکورہ پڑھائی کی اسکیم سندھ ایجوکیشن اسٹوڈنٹ لرننگ آئوٹ کم اسیسمینٹ فریم ورک (SELSOAF) سے منسلک ہے، جوکہ صوبائی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت بنائی گئی ہے۔واضح رہے کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری ملنے کے بعد سندھ سرکار نے محکمہ اسکول تعلیم و خواندگی کی جانب سے مذکورہ کامیاب پالیسی کے ذریعے اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔

تازہ ترین