• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مظفر گڑھ: 4 روز قبل اغواء ہوا بچہ وین میں ملزمہ سے بازیاب

تصویر بشکریہ فیس بک
تصویر بشکریہ فیس بک

مظفر گڑھ میں پولیس نے 4 روز قبل اغواء کیے جانے والے 14 ماہ کے بچے کو ایک مسافر وین سے بازیاب کروا لیا۔

ملزمہ 4 روز تک بچے کو لے کر مختلف علاقوں میں گھومتی رہی، ’جیو نیوز‘ نے اغواء کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور خبر نشر کی تھی۔

مظفر گڑھ کے علاقے خانپور بگا شیر میں 21 اپریل کے روز 14 ماہ کے بچے عبدالحنان کو اس کے گھر کے گیٹ سے اغواء کر لیا گیا تھا۔

بچے کے اغواء کا مقدمہ اس کے دادا کی مدعیت میں تھانہ صدر میں درج کیا گیا تھا، واقعے کی خبر ’جیو نیوز‘ پر نشر ہوئی تو پولیس مزید متحرک ہوئی۔

ایس ایچ او تھانہ صدر افتخار ملکانی کے مطابق اغواء ہونے والے 14 ماہ کے بچے کو سلطان کالونی کے قریب ایک مسافر وین سے بازیاب کروا لیا گیا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ملزمہ بچے کو دوسری جگہ منتقل کر رہی تھی، ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق ملزمہ 4 روز تک مغوی بچے عبدالحنان کو لے کر مختلف مقامات پر سفر کرتی رہی۔

ایس ایچ او تھانہ صدر افتخار ملکانی نے یہ بھی بتایا ہے کہ مغوی بچے کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید