• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطبہ حجۃ الوداع پرعمل سے دنیا میں بدامنی اور مختلف طبقات کی احساس محرومی کو ختم کیا جاسکتا ہے، برمنگھم میں پیر نورالعارفین و دیگر کا اظہار خیالات

برمنگھم(آصف محمود براہٹلوی) صاحبزادہ پیر نور العارفین صدیقی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل اور اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ نبی کریمؐ کائنات کی واحد ہستی ہیں جن کی ذات اقدس پر پوری امت متحد اور متفق ہے۔ خطبہ حجۃ الوداع کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر میں شامل کیا جائے اور اس پر عمل سے دنیا میں پائے جانے والی بدامنی اور مختلف طبقات کی احساس محرومی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ برطانیہ ہمارا ملک ہے چند مٹھی بھر عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے ہمیں تقسیم نہیں کرسکتے۔ ہمیں اپنے اتحاد سے شرپسند عناصر کو شکست دینا ہوگی۔ برطانوی معاشرے میں نفرت اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کیساتھ بہترین تربیت کرنا ہوگی تاکہ اسلام کی روشن تعلیمات عام ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے والد قائد تحریک تحفظ ناموس رسالت پیر علاؤالدین صدیقی کی پہلی برسی کے موقع پر جشن عیدمیلاد النبیؐ جلوس و عالمی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میلاد النبی جلوس اور کانفرنس میں برطانیہ کے تمام شہروں سمیت یورپ، آزاد کشمیر، پاکستان اور مڈل ایسٹ سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جلوس دن ساڑھے بارہ بجے جامع مسجد محی الدین آسٹن سے پیر صاحبزادہ نورالعارفین صدیقی کی قیادت میں شروع ہوا۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی، انٹرنیشنل مسلم فورم کے چیئرمین صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، علامہ سید ظفر اللہ شاہ، حافظ محمدفاروق چشتی، طاہر چوہدری، صاحبزادہ نعیم ربانی، سعید ربانی ، چوہدری عظیم، فضل احمد قادری، امین نقشبندی، قاری شعیب چشتی، برکات احمد چشتی ، ملک رحمت، قاضی عبدالعزیز چشتی، فہیم کیانی، شہزاد اقبال، نائب مغل سمیت متعدد رہنما جلوس میں شریک تھے۔ ہزاروں افراد نبی آخر الزمانؐ کے ساتھ والہانہ جذبہ عشق کا اظہار کرتے ہوئے درود وسلام کا ورد اور مرحبا یا مصطفی کے نعرے بلند کرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہے۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آسٹن پارک کی جانب آگے بڑھتا گیا۔ جلوس کے راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ رضا کاروں کی کثیر تعداد حفاظتی انتظامات کیلئے ساتھ تھی، ہرقسم کے معاملات کو کنٹرول کرنے کے لئے افتخار مغل کی پوری ٹیم متحرک اور چوکس تھی، خواتین کی کثیر تعداد باپردہ شریک تھی۔ بچوں کی کثیر تعداد نے سبز پرچم تھام رکھے تھے۔ آسٹن پارک میں خیموں کا عارضی شہر آباد تھا، 10 ہزار سے زائد کرسیاں بھی لوگوں کے لئے کم پڑ گئیں۔ باجماعت نماز ظہر کے بعد عالمی امن کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ ایک سو سے زائد مہمانوں کے لئے اسٹیج پر نشستیں محفوظ تھیں۔ کانفرنس سے پیر فیاض الحسن قادری، خواجہ محمد عاصم موہاروی، قاضی عبدالعزیز چشتی، پارلیمنٹری پرائیویٹ سیکرٹری ممبر فار انٹرنیشنل ٹریڈ ممبر آف پارلیمنٹ مائیک ووڈ، سید ظفر اللہ شاہ، صاحبزادہ محمدرفیق چشتی، حافظ محمدفاروق چشتی، خلیفہ عبدالخالق مجددی، زین الاقطاب صدیقی ، مغل قیوم سبحانی، قاری شعیب چشتی، علامہ برکات چشتی، فضل احمد قادری، عبدالرشید ترابی، ذیشان قادری، قاضی عبداللطیف چشتی، رسول بخش سعیدی، ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر سردار طاہر اقبال، قاری انور قمر سمیت دیگر کثیر تعداد میں مقررین نے خطابات کیے۔ قاری امین نقشبندی کی تلاوت اور طاہر چوہدری، حافظ چشتی، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، قاری انور قمر نے بطریق احسن باری باری نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ چاند علی اور ہمنوا نے لائیو قوالی پیش کرکے محفل میں سماں باندھا ۔ ننھے صاحبزادگان نے خوبصورت نعتیہ کلام پیش کیا۔ صاحبزادہ نور العارفین صدیقی نے کہا کہ اسلام امن وسلامتی کا دین ہے۔ صوفی ازم اور روحانیت کا ہمارے بزرگان دین نے ہمیشہ پر چار کیا، اسی پارک میں قائد تحریک تحفظ ناموس رسالت پیر علاؤالدین صدیقی ہر سال اسی طرح کے جلوس وجلسہ کاانعقاد کیا کرتے تھے۔ گزشتہ برس ان کی رحلت کے باعث پروگرام کا انعقاد نہ ہوسکا تھا۔ اب ان کے فیض سے ایک بار پھر آسٹن پارک شمع رسالت کے پروانوں کے نعروں سے گونج اٹھا ہے۔ اولیاء کرام کا اصل فیض ہی ان کے دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد شروع ہوتا ہے۔ آج یقینا پیر صدیقیؒ کی روح بھی خوش ہوگی کہ ان کامشن جاری ہے، یہ سلسلہ اس طرح جاری رہیگا۔ پیر فیاض الحسن قادری نے کہا کہ ہم درود والے ہیں، بارود والے نہیں ہیں۔ اولیاء اللہ کی تعلیمات میں امن کا درس پوشیدہ ہے۔ ممبر پارلیمنٹ مائیک ووڈ نے کہا کہ پورا ویسٹ میڈلینڈ ملٹی کلچر معاشرہ ہے، ہم کسی کو بھی اپنے درمیان گھسنے نہیں دیں گے، ہمارے مفادات مشترکہ ہیں۔ علامہ سید ظفر اللہ شاہ نے کہا کہ برطانیہ ہمارا ملک ہے یہاں کے نظام میں شرپسندی اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی نے کہاکہ امن کانفرنس اور جشن میلاد مصطفی کے ساتھ ساتھ آسٹن پارک میں موجود ہزاروں شرکا نے جانشینی کا مسئلہ بھی حل کردیا۔ آسٹن پارک نے فیصلہ دے دیا کہ صاحبزادہ نور العارفین صدیقی ہی پیر علاؤالدین صدیقی کے اصل جانشین ہیں۔ حافظ فاروق چشتی نے کہا کہ آج کے عظیم الشان اجتماع نے تمام سازشوں کا قلع قمع کردیا۔ عبدالرشید ترابی نے کہاکہ دنیا میں قیام امن کے لئے معصوم اور پسے ہوئے طبقات کا احساس محرومی کو ختم کرنا ہوگا۔ تقریب میں مفتی عبدالرسول، سید فاروق شاہ سیالوی، خلیفہ عبداللہ عتیق، علامہ خورشید صابری، قاری ذوالکفل حسین، ضیا الاسلام ہزاروی ، مولانا حافظ تصدق حسین، خلیفہ صفدر حسین، مولانا محمد فریدہارونی، سید سجاد شاہ، قاری شبیر،علامہ ایوب اشرفی، ملک رحمت ،مفتی عنصر القادری، راجہ زاہدنواز، چوہدری خادم، مفتی عبدالکریم جماعتی، قاری محمد حنیف چشتی، عبداللہ سلطانی، قاری شبیر الحسن اور دیگر نے شرکت کی۔

تازہ ترین