• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’الزام ہے تو مقدمہ چلائیں، گالیاں نہ دیں‘

بہت ہوگیا، الزام ہے تو مقدمہ چلائیں، گالیاں نہ دیں، احسن اقبال

اسلام آباد (جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہےکہ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے لہٰذا حکومت کو شاباش نہیں دے سکتے تو روزانہ طعنے نہ دیئے جائیں۔ بہت ہوگیا، الزام ہے تو مقدمہ چلائیں، گالیاں نہ دیں۔ اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق 5 سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم کسی ذاتی ایجنڈے پر یہاں نہیں آئے ، ہم نے پاکستان کی خدمت کی، اسے ترقی اور امن دیا ہے، ہمارے اندر بھی پاکستان کے لیے اتناہی دل دھڑکتا ہے جتنا کسی اور کے دل میں، ہماری بھی عزت اور وقار ہے کسی کو یہ حق نہیں کہ دوسروں پر الزامات لگائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وائس چانسلر کی تقرری میں سفارش کا الزام لگادیا گیا، ہم عدالت کا حترام کرتے ہیں، چیف صاحب بہت ہوگیاخدا کے لیے اسے متنازع نہ بنائیں، اگر آپ کے پاس شواہد ہیں تو چارج شیٹ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ غربت اور جہالت سے ملک کو نکالیں، تیسرا میچ اور کیچ ڈراپ نہیں کرنا ورنہ تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی، اگرتنازعات میں پڑگئے توسی پیک سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے مقدر کو کریش لینڈ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مایوسی اور افسردگی کے شکار دانشور ہر چیز میں کچھ چکر تلاش کرتے ہیں، ہمیں ہر چیز میں کچھ چکر تلاش کرنے کی ذہنیت ختم کرنی ہوگی۔

تازہ ترین