• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل ہم حل کرینگے، ٹوری نے اپنے دروازے کمیونٹیز کیلئے کھول دیئے، اینڈی سٹریٹ

برمنگھم (نمائندہ جنگ) مرکز سمیت ویسٹ مڈلینڈ کا کنٹرول کنزرویٹو پارٹی کے پاس ہے، اسی وجہ سے یہ پارٹی عوامی امنگوں کا مرکز ٹھہری ہے، برمنگھم سٹی کونسل کے انتخابات کے لئے کمیونٹی3مئی کو باہر نکلے اور اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کرے تاکہ کونسل سے متعلق مسائل حل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ویسٹ مڈلینڈ کے میٹرو میئر اینڈی سٹریٹ نے سکاٹ لینڈ گرین ارڈنگٹن سے لوکل امیدواروں آصف محمود اور شاہ نواز کیانی کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر موجود شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹو گروپ کے برمنگھم سٹی کونسل کے لیڈر کونسلر رابرٹ ایلڈن، راجہ محمود کیانی، زبیر راجہ اور دیگر بھی موجود تھے، ویسٹ مڈلینڈ میٹرو میئر اینڈی سٹریٹ نے کہا کہ ٹوری پارٹی نے اپنے دروازے تمام کمیونٹیز کے لئے کھول دیئے ہیں اور اہم دو امیدوار سٹاک لینڈ گرین سے ٹکٹ دے کر آپ کو دیئے، انہیں کامیاب کرائیں گے۔ اس موقع پر کونسلر رابرٹ ایلڈن نے کہا کہ لیبر پارٹی برمنگھم سٹی کونسل میں انتظامی امور سنبھالنے میں ناکام ہوچکی ہے، بن کرائسز کی وجہ سے ٹیکس دینے والوں کے7.5ملین پونڈ ضائع ہوگئے لیکن مسئلہ اب وہی کھڑا ہے، ہر طرف کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ سٹاک لینڈ گرین میں کمیونٹی ہمارے امیدواروں کو کامیاب کرے، مسائل حل کرائے جائیں گے۔ آصف محمود اور شاہ نواز کیانی نے کہا کہ سٹاک لینڈ گرین کو صفائی ستھرائی کے لحاظ سے ہم پانچ نکاتی پروگرام لے کر آئے ہیں، آپ یقیناً تبدیلی محسوس کریں گے۔ ویسٹ مڈلینڈ کمبائنڈ اتھارٹی کے پہلے براہ راست عوامی ووٹوں سے اینڈی سٹریٹ میٹرو میئر منتخب ہوئے تھے، میٹرو میئر ویسٹ مڈلینڈز کی سات لوکل کونسل پر مشتمل ہے، ان میں برمنگھم، کونٹری، ڈڈلی، سینڈویل، سولی ہل، والسل اور وولورہمپٹن پر مشتمل کمبائنڈ اتھارٹی ہے، جہاں پہلی مرتبہ لندن طرز پر براہ راست ووٹنگ ہوئی تھی۔ برمنگھم سٹی کونسل کی101سیٹوں پر3مئی کو ہونے والے لوکل الیکشن کی سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ تینوں بڑی پارٹیوں حکمران کنزرویٹو، لیبر، لبرل ڈیمو کریٹ سمیت دیگر جماعتوں سمیت آزاد امیدواروں کی کثیر تعداد سیاسی میدان میں اتری ہے 70سے زائد پاکستانی امیدواروں سمیت سیکڑوں امیدوار3مئی کو ہونے والے الیکشن میں قسمت آزمائی کریں گے برمنگھم سٹی کونسل کی120سیٹیں ہوا کرتی تھیں پہلی مرتبہ تبدیل کرکے وارڈز101سیٹیں کردی گئی ہیں، جن میں32 وارڈز میں دو دو امیدوار کامیاب ہوں گے جبکہ 37وارڈز میں ایک ایک امیدوار کامیابی سے ہمکنار ہوگا جبکہ مجموعی طور پر 69وارڈز کردی گئی ہیں، تبدیلی کا اثر سابقہ نتائج پر بھی پڑے گا۔
تازہ ترین