• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو ٹی وی نیٹ ورک کے 2 بڑے چینلز پر رمضان کی شاندار نشریات

جیو ٹی وی نیٹ ورک کے 2 بڑے چینلز پر رمضان کی شاندار نشریات

کراچی (محمد ناصر) رمضان المبارک ہر مسلمان کیلئے مقدس ساعتیں لیکر آتا ہے یہ ماہ مقدس تذکیہ نفس کا درس دیتا ہے ، رمضان میں ہر مسلمان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عبادت کرے اور اپنے رب کو راضی کرے ۔ اِسی فلسفے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جیو ٹیلیویژن نیٹ ورک کے دو بڑے چینل ”جیو ٹی وی “ اور ”جیو تیز “ اس دفعہ لارہے ہیں رمضان کی سب سے نشریات جس میں دین اسلام اور مسلمانوں کی اصلاح کیلئے متعدد پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں ۔ ”جیو ٹی وی نیٹ ورک“ کا مقبول چینل ”جیو تیز“ رمضان المبارک کی روح پرور ساعتوں کو دوبالا کرنے کیلئے ”جیو اسلام“ کے نام سے خصوصی نشریات پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہے۔ رحمتوں اور برکتوں کے مقدس مہینے میں اہل ایمان کے قلوب کو اسلام کی روشنی سے مزید منور کرنے کیلئے ”جیوتیز“ کی خوبصورت نشریات میں جو ایمان افروز پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں اُن کا آغاز جمعرات یکم رمضان المبارک سے ہوگا۔ جنت کا حصول کیسے ممکن ہے، جنت ہمارا اصلی گھر اور پہلا وطن ہے اور اس جنت کی طرف واپسی کا سفر کتنا آسان اور کتنا مشکل ہے؟۔ جنت کن لوگوں کا انتظار کرتی ہے یہ سب بتایا جائے گا پروگرام ”جنت کا حصول“ میں۔ یہ پروگرام ڈاکٹر سمیع اللہ زبیری کی میزبانی میں روزانہ رات 12 بجے نشر ہوگا۔ ”جیو تیز“ پر پورا قرآن پاک نماز تراویح میں اور پورا قرآن پاک قیام الالیل میں انگریزی ترجمے کے ساتھ پروگرام ”قیام الیل “ میں روزانہ رات ساڑھے 12 بجے نشر ہوگا۔ قرآن مجید رب کائنات کا کلام اور اُسی کا پیغام ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ اُس پاکیزہ کتاب کو پڑھا جائے، اسے سمجھا جائے اور اس پر عمل کیا جائے اور لوگوں کی زندگیوں کو اِس سے منور کردیا جائے۔ قرآن مجید کے آسان ترجمے اور تفسیر پر مبنی پروگرام ”قرآن سب کیلئے“ روزانہ رات 2 بجے نشر ہوگا جس کی میزبان ڈاکٹر فرحت ہاشمی ہیں۔ قرآن مجید کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھنا چاہئے، اسی لئے صاحب قرآن نے فرمایا کہ قرآن مجید کو اپنی آوازوں کے ساتھ مزین کرو، یہ حق ہے قرآن کا، فرض ہے ہر پڑھنے والے پر اِسی حق کو ادا کرنے کا خوبصورت طریقہ پروگرام ”تجوید القرآن“ رات 3 بجے دکھایا جائے گا جس کے میزبان میزبان قاری سلمان احمد ہیں۔ صفائی نصف ایمان ہے لیکن کیا صفائی صرف جسمانی ہوتی ہے ؟۔ صفائی تو قلبی، روحانی، ظاہری اور باطنی بھی ہوتی ہے۔ قلبی صفائی، روحانی پاکیزگی اور جسمانی طہارت کی آگاہی کیلئے ناظرین پروگرام ”صفائی ، پاکیزگی اور طہارت“ رات ساڑھے 3 بجے ملاحظہ کرسکیں گے۔ حسن اخلاق نام ہے ہماری گفتار کا، ہمارے کردار کا، ہماری حرکات اور سکنات کا، ہماری سوچ کا ، ہمارے ظاہر اور باطن کا اور اِن سب کی خوبصورتی جلا بخشتی ہے اخلاق کو وہ کیسے اور کس طرح یہ جاننے کیلئے دیکھیں پروگرام ”حسن اخلاق“ روزانہ صبح 4 بجے۔ ”اللہ کا رنگ“ یہ رنگ ہے یقین کا، اعتماد کا، اُمید کا، یادوں کا، محبت کا۔ یہ رنگ جھلکے وعدوں میں، تعلقات میں، عبادات میں معاملات میں، گفتگو میں، سماعت میں، بصارت میں تو بس رنگ جاؤ ”اللہ کے رنگ میں“ پروگرام ”اللہ کا رنگ “ روزانہ صبح ساڑھے 4 بجے نشر کیا جائے گا۔ رمضان المبارک کی روحانی راتوں اور دِنوں میں، ہمارے زاویئے اور رویئے کیا ہونے چاہئیں؟۔ اسی حوالے سے ایک خصوصی پروگرام ”فرمایا رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے “ روزانہ دوپہر 3 بجے نشر ہوگا۔ وہ جن سے اللہ راضی ہوا اور وہ اُس سے راضی ہوگئے مگر وہ ہیں کون ؟۔ جن کے یہ مرتبے ہیں، آخر اُنہوں نے ایسا کیا کیا کہ خالق کون و مکاں کی طرف سے اس اعلیٰ درجے پر فائز ہوئے۔ یہ سب جاننے کیلئے دیکھیں پروگرام ”وہ جن سے اللہ راضی ہوا“۔ روزانہ دوپہر ساڑھے 3 بجے۔ ہر لفظ معنی کا سمندر، ہر جملہ علم و حکمت کا خزانہ اسی کلام بے مثال پر مشتمل احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پروگرام ”احادیث نبویﷺ“ میں پیش کی جائیں گی جنہیں ”صحیح بخاری“ سے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام روزانہ شام 4 بجے نشر کیا جائے گا جس کے میزبان ابو بکر صدیق ہیں۔ ہم کیوں پیدا ہوئے، مقصدِ زندگی کیا ہے، راہ راست کونسی ہے، دُنیا میں خوشی اور اطمینان کیسے نصیب ہوگا۔ قرآن مجید کی خاص سورتیں اور علم و آگاہی سمجھنے اور جاننے پروگرام ”جواہر القرآن“ ڈاکٹر ادریس زبیر کی میزبانی میں روزانہ شام ساڑھے چار بجے نشر ہوگا۔ رمضان ایک انعام ہے، رمضان اور تقویٰ، رمضان ہمدردی کا مہینہ ہے، روزانہ رکھنے کے فائدے، سحر و افطار کی فضیلت، رمضان اور عبادات، رمضان اور دُعاؤں کی قبولیت، روزہ اور حقوق العباد، لیلة القدر بھی انعام ہے۔ اِن تمام موضوعات پر فن خطابت کیلئے موجود ہوں گے ننھے منھے خطیب۔ پروگرام ”خطیب مستقبل کے“ روزانہ شام ساڑھے پانچ بجے نشر کیا جائے گا۔ قرآن مجید آخری آسمانی کتاب ہے جو اپنے اندر بے شمار بشارتیں رکھتی ہے، گزرتی اقوام کی عبرتناک کہانیاں پیغمبروں کی داستانیں اِن ہی ابواب پر مشتمل پروگرام ”قصص القرآن“ روزانہ شام 6 بجے نشر کیاجائے گا۔ قرآن و سنت کے اُجالوں میں، رمضان المبارک کے پر نور ماحول میں، بدلتی دُنیا کے جدید مسائل کے حل کی کوشش نمایاں کی جائے گی مشترکات دین کو، 97 فیصد مشترکات دین پر روشنی ڈالی جائے گی ۔ تین فیصد اختلافات پر دی جائے گی آگاہی اور ثابت کیا جائے گا کہ دین اتحاد کا نام ہے انتشار کا نہیں اجتہادی اُصول اور اجتہادی فیصلوں کی بنیاد کیا ہے؟۔ یہ سب جاننے کیلئے یکم رمضان سے چاند رات تک روزانہ شام ساڑھے 6 بجے پروگرام ”اجتہاد“ ضیاءالحق نقش بندی کی میزبانی میں پیش کیا جائے گا۔ نوجوان نسل کے ذہن میں سوالات تو بہت آتے ہیں لیکن وہ سوالات زندگی کی باگ دوڑ میں، اس زندگی کی بھیڑ میں کہیں کھو سے جاتے ہیں اِن ہی سوالات کے جواب تلاش کرنے اور اُنہیں زیر بحث لانے کیلئے اِس رمضان المبارک میں نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس کا نام ہے ”افکارِ جوانان“ جو روزانہ رات ساڑھے 7 بجے وجیہہ الدین کی میزبانی میں پیش کیا جائے گا۔ ”خمر“ جو عقل کو ڈھانپ لے، اس کی اقسام، اس سے چھٹکارا مگر کیسے، ماہرین کے بہترین مشورے خاندان اکائی ہے ہمارے معاشرتی نظام کی جسے محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے یہی ”خمر“ خاندانی نظام کی تباہی کا بڑا سبب ہے اس پر صاحب علم و عقل کے مفید مشورے جاننے کیلئے دیکھیں پروگرام ”خمر“ (خاندان اور عقل) ڈاکٹر کنول قیصر کی میزبانی میں روزانہ رات ساڑھے 8 بجے پیش کیا جائے گا۔ ”جیو تیز“ پر پورا قرآن پاک نماز تراویح اور قیام الالیل میں انگریزی ترجمے کے ساتھ پروگرام صلوٰة التراویح روزانہ رات ساڑھے 9 بجے پیش کی جائے گی۔ دوسری جانب ”جیو ٹی وی“ پاکستان کی سب سے بڑی نشریات ”اتحاد رمضان (ایک ہیں مسلم)“ کے نام سے نشر کرے گا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں اویس قادری ”اتحاد رمضان“ نشر یا ت کا حصہ ہیں جو افطار اور سحر کی نشریات میں اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک اور حمد و نعت سے ناظرین کے قلب گرمائیں گے۔ افطار ٹرانسمیشن کی میزبانی سمیع خان اور اینکر رابعہ انعم کریں گی جبکہ سحری کی نشریات کے فرائض معروف مذہبی اسکالر اور میزبان جنید اقبال ادا کریں گے۔ اویس قادری اتحاد رمضان کے مقابلہ نعت خوانی کے سیگمنٹ ”صدائے حسان“ میں بھی جج کے فرائض انجام دیں گے۔ معروف کوکنگ ایکسپرٹ ناہید انصاری بھی لذیز کھانے بنائیں گی۔ نامور علماءاور دانشوروں کے لیکچرز بھی دکھائے جائیں گے ۔ سحر کی نشریات میں پروگرام ”عالم آن لائن“ نشر ہوگا جس میں روز مرہ کے معاملات، باہمی تعلقات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق ممتاز علماءکرام سے دینی سوالات پوچھے جائیں گے۔ معروف مذہبی شخصیات کے موضوع پر دِل لینے والی دستاویزی فلم ”اللہ والے“ بھی پیش کی جائے گی۔ اسلامی سوالات پر مبنی دلچسپ کوئز شو ”رب زد نی علما“ بھی دکھایا جائے گا۔ جبکہ افطار نشریات میں قرآن پاک سے ماخوذ انبیائے کرام کے قصے اور مقدس مقامات پروگرام ”قصص القرآن“ میں دکھائے جائیں گے۔ مشہور و معروف ثنا خوان اویس رضا قادری کی زیر صدارت مقابلہ نعت خوانی ”صدائے حسان“ میں ہوگا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ اور اسوہ حسنہ کے موضوع پر روحانی بیان ”سیرت بصیرت“ میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حمد باری تعالیٰ، نعت رسول مقبول ﷺ ، قرآنی دُعائیں ، مسنون عبادات اور بہت کچھ پیش کیا جائے گا۔ سحری نشریات کا آغاز دوپہر ایک بجے سے ہوگا جبکہ افطار ٹرانسمیشن دوپہر دو بجے سے براہ راست نشر کی جائے گی۔

تازہ ترین