• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمباکونوشی سے نجات کا قومی دن منایا گیا،پیما کے تحت پروگرام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تمباکونوشی سے نجات کا شعور اجاگر کرنے کا قومی دن یکم رمضان، 17مئی کو ملک بھر میں منایا گیا۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے اعلامیے کے مطابق پیما سمیت مختلف طبی تنظیمو ں کے تحت اس سلسلے میں مختلف پروگرامات کا انعقاد کیا گیا، یہ دن منانے کا مقصد لوگوں میں اس بات کا شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ اس ماہ مبارک میں صبر اور برداشت کے میسر مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیشہ کے لیے تمباکونوشی کی عادت سے چھٹکارا حاصل کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے پندرہ ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں تمباکوکی پیداوار اور استعمال سب سے زیادہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سالانہ ایک لاکھ پچیس ہزار اموات سگریٹ نوشی کے باعث ہوتی ہیں۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر محمد افضل میاں، سابق صدور ڈاکٹر عبدالمالک، پروفیسر سہیل اختر اور ڈاکٹر مصباح العزیز نے کہا کہ تمباکونوشی کے باعث بڑھتی اموات اور بیماریاں بے حد تشویش کا باعث ہیں، طبی ماہرین نے زور دیا کہ تمباکونوشی کے صحت پر مضر اثرات کے پیش نظر رمضان المبارک اس بات کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے کہ تمباکونوشی کو ترک کیا جا سکے۔ کیونکہ اس ماہ مبارک میں عادی افراد دن کو اوقات میں اس کا استعمال ترک کر دیتے ہیں تو تھوڑی سے کوشش کے ساتھ اس پریکٹس کو پورا ماہ جاری رکھنے کے بعد اس عادت سے مکمل طور پر چھٹکارا پانا آسان ہو جاتا ہے۔
تازہ ترین