• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف حادثات و واقعات میں 2افراد ہلاک، 2زخمی، آگ لگنے سے12گھر خاکستر

ٹھٹھہ+شہداد پور+میر پور خاص(نامہ نگاران ) مختلف حاوثات اور واقعات میں 2؍افراد ہلاک اور 2؍ زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ مکلی کے قریب شوریٰ موری اسٹاپ کے مقام پر قومی شاہراہ پر مرغیوں سے بھرے ٹرک اور گدھا گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں گدھا گاڑی پر سوار 16 سالہ نوجوان کنہیا موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا باپ لالیو شدید زخمی ہوگیا، متوفی کی لاش اور زخمی کو علاج کے لیے سول اسپتال ٹھٹھہ پہنچایا گیا جہاں سے طبی امداد کی فراہمی کے بعد زخمی کو مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا۔ دونوں باپ بیٹے کا تعلق کراچی کے علاقہ جوگی موڑ سے بتایا جاتا ہے جوکہ گجو کے قریب زرعی زمین پر مزدوری کرتے تھے۔ دریں حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ شہدادپور شالیمار ایکسپریس سے ٹنڈوآدم جانے والا ریٹائرڈ سرکاری آفیسر غلام قادر ولد محمد سلطان اچانک چلتی ٹرین سے گر کر ٹرین کے نیچے آنے سے موقع پر ہی جانبحق ہوگیا۔ لاش کو ایدھی عملے نے سمس اسپتال منتقل کیا اور ورثاء کو اطلاع دی۔ میرپورخاص گاؤں لغاری میں ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،جس نےتیز ہواوں کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور مزید گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی اور لوگوں کی مدد سے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا،تاہم آتشزدگی کے باعث 12گھر ان میں موجود بستر،کپڑے ،اناج اور دیگر سامان جل کر راکھ ہوگیا ،عینی شاہدین نے بتایا کہ بروقت اطلاع دینے کے باوجود فائر بریگیڈ بروقت موقع پر نہیں پہنچی جس کے باعث کافی نقصان ہوا اور متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔متاثرین نے حکومت سندھ سے امداد مطالبہ کیا ہے۔ گمبٹ گرلز کالج کے قریب ایک شخص سرتاج پنھور اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اسلحہ کے زور پر اس سے 20 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔دریں اثنا گمبٹ بائی پاس پرمقامی ہوٹل کے ایک بیرے مٹھل ولد فقیر روشن کناسرو کو 4 نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے جسے زخمی حالت میں گمبٹ اسپتال لایا گیا جہاں پر طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لئے لاڑکانہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسکے ورثا کا کہنا ہے کہ واقعہ دشمنی کا نتیجہ ہے۔ چمبڑ شہر کی تاریخ میں اسٹریٹ کرائم کے پہلے واقعے میں پیر کی شام روزہ کھلنے سے قبل شہر کے وسط میں واقع مدینہ مسجد کے سامنے سے دونامعلوم افراد شہر کے بزرگ شہری میر محمد سے 5000 ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے ۔شہر میں ہونے والے پہلے اسٹریٹ کرائم سے شہری خود کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔متاثرہ بزرگ شہری میر محمد کے مطابق دو نامعلوم افراد جن کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان تھی نے اسے شہر کے مین راستے پر مدینہ مسجد کے سامنے زدوکوب کیا اور جیب سے 5000 ہزار روپے نکال کر موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے ۔واقعہ کے فوری بعد چمبڑ تھانہ کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔چمبڑ تھانہ کے ڈی ایس پی لیاقت درس کے مطابق جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

تازہ ترین