• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر مین تھک گیا،ابراہیم ڈیو یلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ

 
سپر مین تھک گیا،ابراہیم ڈیو یلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) سال بھر مسلسل میچز کے طوفان میں عالمی کرکٹ کا ایک اور ستون گرگیا۔ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز نے اچانک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ سے تھک گیا ہوں اب وقت ہے کہ میری جگہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے۔ میں نے اپنی باری پوری کر لی اور سچ یہ ہے کہ میں اب تھک گیا ہوں۔ پروٹیز کی نمائندگی میرے لیے ہمیشہ باعث فخر رہی۔ لیکن نہیں چاہتا کہ حکام کو یہ بتائوں کہ کون سی طرز کی کرکٹ کھیلوں گا اور کس فارمیٹ میں شرکت نہیں کرسکتا۔ میری نظر میں کرکٹ ہر طرز کی ہو یا بالکل نہیں ہو۔ 34 سالہ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلہ تھا، لیکن درست وقت ہے۔ یہ زیادہ پیسے کمانے کا معاملہ نہیں، میرا بیرون ملک کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا، نیک خواہشات فاف ڈوپلیسی اور جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ سمجھا جارہا تھا کہ وہ ورلڈ کپ تک جنوبی افریقا کی نمائندگی کریں گے کیونکہ وہ ملک کیلئے بڑے ٹائٹل کے حصول کی خواہش ظاہر کرچکے تھے لیکن انہوں نے اپنا ارادہ بدل دیا۔ ڈیویلیئرز کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے بہترین انداز سے کھیلتے ہوئے ریٹائر ہونا چاہتا تھا، میرے خیال میں بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف فتوحات کے بعد اب جانے کا مناسب وقت ہے۔ کیریئر کے دوران کوچز، کرکٹ بورڈ اور ساتھی کھلاڑیوں کا بھرپور سپورٹ پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کے بغیر میں اس کا نصف بھی نہ ہوتا جو کچھ آج ہوں۔ اس موقع پر اپنے جنوبی افریقا اور پوری دنیا میں پرستاروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کھلے دل سے مجھے سراہا۔ اے بی ڈیویلیئرز نے اپنے 14 سالہ شاندار کیریئر کے دوران 114 ٹیسٹ میچز میں 22 سنچریز اور 46 ففٹیز کی مدد سے 8765 رنز بنائے، سب سے زیادہ اسکور 278رہا۔ مجموعی طور پر 228 ایک روزہ میچز میں انہوں نے 9577 رنز 25 سنچریز اور 53ففٹیز کی مدد سے بنائے، زیادہ اسکور 176رہا۔ ٹی 20انٹرنیشنلز میں انہوں نے 78 میچز کی 75 اننگز میں 1672رنز بنائے۔ جس میں 10ففٹیز شامل تھیں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنلز میں ان کی بیٹنگ اوسط 50 رنز کی فی اننگز سے زائد رہی۔ ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری اور نصف سنچری بنانے کا اعزاز ان کے پاس ہے ۔ان کی آخری سیریز اپریل میں آسٹریلیا کے خلاف تھی جس میں انھوں نے چار میچوں میں 427 رنز بنائے تھے۔ جبکہ آئی پی ایل میں ڈیویلیئرز نے رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے 12 میچوں میں چھ ففٹیز کی مدد سے 480 رنز اسکور کیے۔

تازہ ترین