• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومیائے گئے میٹروپولیٹن اسکول کو نجی پارٹی کے حوالے کرنے کیلئے تیاریاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بی ایریا بلاک3 میں قومیائے گئے میٹروپولیٹن اسکول کو نجی پارٹی کے حوالے کرنے کے لئے تیاریاں زور پکڑ گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ ہائوس میں تعینات ایک اعلیٰ افسر محکمہ تعلیم کے افسران پر دبائو ڈال رہا ہے کہ اسکول کو نجی پارٹی کے حوالے کر دیا جائے اس اسکول کو موسم گرما کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل خاموشی سے مخدوش قرار دے کر اس کے بچوں ا ور اساتذہ کو منتقل کرنے کا نوٹس جاری کر دیا گیا تھا۔ اسکول کو نجی پارٹی کے حوالے کرنے کی سمری سابق سیکرٹری تعلیم عبدالعزیز عقیلی کے دور میں وزیراعلیٰ سندھ کو بھیجی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہائوس میں تعینات ایک اعلیٰ افسر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بھی اسکول دینے کے لئے قائل کرنے کی کوشش کی اور انھیں غلط معلومات دیں جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سمری میں کچھ ایسے اسکولوں کا ذکر بھی کیا جو دیئے جا چکے ہیں جب کہ وہ اسکول تاحال محکمہ تعلیم کی ملکیت میں ہیں۔ تعلیم بچائو ایکشن کمیٹی کے رہنما انیس الرحمن نے کہا کہ میٹروپولیٹن کا معاملہ بھی منیبہ اسکول کی طرح ہے جسے پیر مظہر کے دور میں علم الدین بلو نے نوٹفیکیشن کے ذریعے لینڈ مافیا کو دینے کی کوشش کی تھی لیکں ناہید شاہ نے اسے بچا لیا تھا یہی معاملہ میٹروپولیٹن اسکول کا بھی ہے چنانچہ نیب اور اینٹی کرپشن کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے کیونکہ قومیائے گئے اسکولوں کی ایک پالیسی سابق سیکرٹری تعلیم نذر حسین سید کے دور میں2002ء میں منظور ہوئی تھی جس کے تحت ہی اسکولوں کی واپسی ممکن ہے مگر میٹروپولیٹن خاموشی سے نجی پارٹی کے حوالے کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لئے اسے مخدوش قرار دینا اور طلبہ کو وہاں سے منتقل کرنا افسوسناک ہے، ہم اسے نجی پارٹی کے حوالے کرنے کی سخت مزاحمت کریں گے۔
تازہ ترین