• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب ، پرانا ڈرائیونگ لائسنس نئے اقامے پرجاری کرانے کی سہولت

سعودی عرب ، پرانا ڈرائیونگ لائسنس نئے اقامے پرجاری کرانے کی سہولت

 ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے ویزے پر سعودی عرب آنے والے غیر ملکی کارکن اپنا پرانا ڈرائیونگ لائسنس نئے اقامے پرجاری کروا سکتے ہیں ۔

ٹریفک پولیس نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے غیر ملکی افراد جوسعودی عرب میں مقیم رہ چکے ہوں اور وہ دوسرے ویزے پر قانونی طریقے سے دوبارہ آئیں انہیں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے از سرنو تمام معاملات نمٹانے کی ضرورت نہیں ۔

غیر ملکی کارکنوں کے پاس اگر پرانے لائسنس کی فوٹو کاپی ہو تو وہ اس کے ذریعے نیا لائسنس حاصل کرنے کیلئے ٹریفک ٹریننگ اسکول ( دلہ ) سے رجوع کر کے نئے اقامہ نمبر پر دوسرا لائسنس جاری کروا سکتا ہے ۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ایسے غیر ملکی جن کے سابقہ ڈرائیونگ لائسنس ایکسپائر ہو چکے ہیں انہیں نئے لائسنس جاری کروانے کیلئے میڈیکل چیک اپ کرانا لازمی ہو گا جس کے بعد انہیں نئے اقامہ نمبر پر ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیئے جائیں گے ۔

واضح رہے ایک شخص نے ٹریفک پولیس سے سوال کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے اپنے لئے بیرون ملک سے ڈرائیور بلایا ہے جس کا لائسنس جاری کروانے کیلئے کیا طریقہ کار اختیار کیاجائے ۔

سوال میں پوچھا گیا تھا کہ ڈرائیور پہلے مملکت میں مقیم رہ چکا ہے اور اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی تھا جسے اسکے سابق کفیل نے تلف کر دیا ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ اگر کو ئی مملکت میں مقیم رہا ہو اور اس نے ڈرائیونگ لائسنس جاری کروایا ہو تو اس کا ریکارڈ ادارے کے مرکزی کمپیوٹر میں ہوگا اس ریکارڈ کو بحال کرانے کیلئے پرانے لائسنس کی فوٹو کاپی کے ذریعے نیا لائسنس حاصل کیاجاسکتا ہے ۔

واضح رہے جب سے مملکت میں ڈیجیٹل اقاموں کا نظام جاری ہوا ہے قانونی معاملات میں بڑی آسانیاں ہو ئی ہیں ۔غیر ملکیوں کے اقامے کے نمبر وہی ہو تے ہیں جو انکے لائسنس کا نمبر ہو گا ۔

اقامہ نمبر سے کسی بھی غیر ملکی کا مکمل ڈاٹا باسانی معلوم کیاجاسکتا ہے ۔ ماضی میں جب روایتی ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جاتے تھے اس وقت کا ریکارڈ بحال کرنا مشکل ہو تا تھا ۔

کمپیوٹرائز لائسنس سے لوگوں کو کافی سہولت حاصل ہو گئی ہے ۔ لائسنس کی میعاد بھی 10 برس تک بڑھائی جاسکتی ہے جو درخواست گزار کی مرضی پر منحصر ہو تا ہے

تازہ ترین