• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان کا جنگ بندی میں توسیع سے انکار، عید پرطالبان کے اجتماع پر خودکش حملہ، ہلاکتیں 36 ہوگئیں

طالبان کا جنگ بندی میں توسیع سے انکار، عید پرطالبان کے اجتماع پر خودکش حملہ، ہلاکتیں 36 ہوگئیں

کراچی (نیوز ڈیسک) طالبان نے افغانستان میں تین روزہ جنگ بندی کے بعد اس میں مزید توسیع کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں حملے شروع کردیے ،طالبان نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ تین روزہ جنگ بندی شہریوں کی سہولت اور سکون کی غرض سے کی نہ کہ کابل انتظامیہ کی خاطر، ہمارا اتحاد ثابت ہوگیا، کوئی بیرونی مدد حاصل نہیں، طالبان، مذاکرات کے لئے ایک بار پھر غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ، قبل ازیں افغان صدر نے تین روزہ جنگ بندی میں مزید 9روز توسیع کا اعلان کیا تھا ، طالبان کے حملوں میں ایک ضلعی گورنر مارا گیا جبکہ افغان وزارت دفاع کے مطابق 9صوبوں میں لڑائی دوبارہ شروع ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں 12فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے، دوسری جانب جلال آباد میں عید کے موقع پر طالبان کے اجتماع پر خودکش حملے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 36ہوگئی، اس حملے میں داعش کے ملوث ہونے کا امکان ہے، افغانستان میں جنگ کے اختتام کے لئے پیدل مارچ کرنے والے درجنوں امن رضاکار کابل پہنچ گئے ہیں، 38روز سے پیدل مارچ کرنے والے یہ امن رضاکار700کلو میٹر سفر طے کرنے کے بعد کابل پہنچے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں اپنے جنگجوئوں کوغیر ملکی افواج اور ان کے اتحادیوں پر حملے دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے ،اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی اہل وطن کی سہولت اور سکون کی غرض سےکی گئی نہ کہ کابل انتظامیہ کی خاطر کی گئی،اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ بات ثابت ہوئی کہ طالبان کے پاس موجودہ جہاد اور مزاحمت کا مکمل قوت اور اختیار ہے، اس میں کوئی بیرونی دخل اندازی موجود نہیں ہے، مجاہدین کی صف متحد ہے، کابل انتظامیہ کے تمام فوجی اور سول حکام کوپیشکش کی گئی کہ وہ امریکی حمایت سے دستبردار ہوجائیں، تاکہ وطن عزیز بیرونی جارحیت کی شر سے نجات پائے اور ملک بھر میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے راہ ہموار ہوجائے، طالبان نے ایک بار پھر امریکی افواج سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان سے اپنی افواج واپس بلوائیں اور طالبان سے براہ راست مذاکرات کریں ، افغان انتظامیہ سے کوئی خفیہ مذکرات نہیں ہورہے ہیں ، طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان،اس پر عملدرآمد، مجاہدین کیساتھ وسیع عوامی حمایت اور استقبال سے یہ بات واضح ہوجاتی ہےکہ طالبان اور مصیبت زدہ عوام کا مطالبہ ایک ہی ہے،تمام بیرونی غاصب افواج کا انخلاء اور اسلامی نظام کا قیام، دوسری جانب اتوار کو جنگ بندی کے اختتام کے بعد پیر کے روز سے طالبان نے ملک بھر میں دوبارہ حملے شروع کردیے ہیں ۔

تازہ ترین