• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلی حکومت بناکر نواز شریف کی غلطیاں درست کرینگے، آصف زرداری

محراب پور/نواب شاہ (جنگ نیوز/صباح نیوز /بیورورپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگلی حکومت بناکر نواز شریف کی غلطیاں درست کریں گے،پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر وفاق میں حکومت بنائے گی، نواز شریف نے ملک کو اس حال پرلاکر چھوڑا ہے کہ دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی، ہم نے کس حال پہ پاکستان چھوڑا اور نواز شریف نے ملک کس حال پہ پہنچایاہے یہ سب جانتے ہیں،ہم اقتدار میں آکر غلط کاموں کو ٹھیک کریں گے، ہم پاکستان کا مستقبل پھر سنواریں گے پاکستان پیپلز پارٹی تاریخ اور مستقبل کی سیاست کرتی ہے آنے والے کل کے بچے کی قسمت پاکستان پیپلز پارٹی بنائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناراض پی پی پی رہنماسابق صوبائی وزیر عبدالحق بھرٹ سے ملاقات کے بعدپارٹی وفوداور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔عبدالحق بھرٹ نے آصف علی زرداری کو بھورٹی آنے پر خوش آمدید کہا،اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور این اے 212 کے نامزد امیدوار ذوالفقار علی بھن، شہید بینظیر آباد کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری اور پی ایس 35 کے نامزد امیدوار ممتاز علی چانڈیو ضلعی جنرل سیکرٹری فیروز احمد جمالی، سابق صوبائی وزیر اور پی 36 کے نامزد پی پی پی امیدوار ضیا الحسن لنجار، فاروق احمد بھنبھرو و دیگر بھی موجود تھے۔نواب شاہ بیورو کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نظریاتی پارٹی ہے اور پی پی کے کارکنوں نے ہمیشہ بہادری اور وفاداری کی تاریخ رقم کی ہے ۔زرداری ہاؤس میں شہید بینظیر آباد ضلع کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہر کارکن بلاول بھٹو کا سفیر ہے عوام کی خوشحالی ہمارا مشن ہے اور غریب ،بیروزگاری ،جہالت و شدت پسندی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے آصف علی زرداری نے کہا کہ 1973ء کے آئین کی بحالی شہید بی بی بینظیر بھٹو کی فتح اور ان کی قیادت میں صوبوں کو خودمختاری دی گئی۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں میں اعتماد لانا اور آپ کی قیادت نے جمہوریت کو مستحکم کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں شہید بھٹو اور عوام کا رشتہ ٹوٹنے نہیں دونگا۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعدادموجود تھی ۔

تازہ ترین