• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ایک ہی دن رمضان المبارک و عیدالفطر منانا خوش آئند ہے، پیرمنور جماعتی

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) اتحاد امت نہ صرف وقت کا تقاضا ہے بلکہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل بھی اسی میں پوشیدہ ہے۔ ایک ساتھ آغاز رمضان اور ایک ہی روز عیدالفطر انتہائی خوش آئند ہے۔ صرف اسی پر بس نہیں بلکہ مستقبل میں بھی اس کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انجمن خدام صوفیاء انٹرنیشنل کے چیئرمین اور سجادہ نشین امیر ملت حضرت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے عمرہ کی سعادت، روزہ رسولﷺ پر حاضری اور مسجد نبویؐؐ میں رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے کے بعد واپس برطانیہ برمنگھم پہنچنے پر عقیدت مندوں، ملاقاتیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کا مزید جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا ایک ساتھ آغاز رمضان اور ایک ہی روز عیدالفطر سے امت مسلمہ کے اندر ایک وسیع تر اتحاد کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اس وقت امت کا شیرازہ بکھرا پڑا ہے۔ اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس پاکستان میں وسیع تر اتحاد و اتفاق کے لئے پاکستان و آزاد کشمیر میں مذہبی آستانوں، گدی نشینوں کو بڑے اتحاد کے لئے خطوط لکھے تاکہ بڑا اتحاد معرض وجود میں آسکے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک ہی روز آغاز رمضان اور عید کے بعد آئندہ مستقبل میں بھی کوششیں جاری رکھنی ہوں گی تاکہ یہاں کی ابزرویٹری سمیت دیگر قریبی ممالک کی شہادتوں کے پیش نظر آئندہ بھی اتحاد قائم رہنا چاہئے۔ آخر میں بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر سابق مشیر حکومت محمد سعید مغل ایم بی ای، سید رشید شاہ، صاحبزادہ نعمان جماعتی، چوہدری اعظم اور دیگر موجود تھے۔
تازہ ترین