سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پراپرٹی لیکس کی ٹائمنگ بڑی اہم ہے، کھیل ابھی شروع ہوا ہے، پہلے سے بتا کر مزہ کیوں خراب کروں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک مخصوص طبقے کو پراپرٹی لیکس میں نتھی کردیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب کو نتھی کرکے ایک ڈوزئیر جاری کیا جارہا ہے، فہرست میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو ایماندار ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پراپرٹی لیکس پروپیگنڈا مہم ہے، اس کی ٹائمنگ پر اعتراض ہے، اس لیکس میں پی ٹی آئی کے کسی فرد کا کوئی ذکر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں پراپرٹی جائز ہے یا ناجائز سب پر ناجائز کا ٹھپا لگا دیا گیا، وہ ہمارا دوست ملک ہے، وہاں سرمایہ کاری متوقع ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ دبئی لیکس میں میرا نام ہے، میں کیوں بتاؤں میری پراپرٹی ڈکلیئر ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیل ابھی شروع ہوا ہے پہلے سے بتا کر مزہ کیوں خراب کروں، پراپرٹی لیکس کی ٹائمنگ بڑی اہم ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ آزاد کشمیر کا ایشو کھڑا ہوتا ہے، پھر ایک لیکس کا اعلان کیا جاتا ہے، پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری متوقع ہے ایسے میں لیکس آجاتے ہیں۔